ْوزیراعظم آزادکشمیر کی طرف سے مسئلہ کشمیرپر اعلیٰ سطحی تھینک ٹینک کا قیام قابل ستائش ہے

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسیدکا جاری بیان

ہفتہ 11 مارچ 2017 17:14

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مارچ2017ء) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدر خان کی طرف سے مسئلہ کشمیرکو اجاگرکرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تھینک ٹینک کے قیام کی منظوری ایک قابل ستائش اقدام قرار دیاہے۔برسلزسے جاری ہونے والے بیان میںچیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ وزیراعظم کی طرف سے ’’ریسرچ اینڈ پالیسی فورم‘‘ کی سربراہی کے لئے اعلیٰ صلاحیتوں اورتجربات سے بہرہ مند شخصیت کا انتخاب خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم آزادکشمیرنے شعبہ عالمی تعلقات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے سابق سربراہ برگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر محمد خان کو اس سات رکنی تھینک ٹینک کا چیئرمین مقرر کیاہے۔

(جاری ہے)

علی رضاسید نے مزید کہاکہ برگیڈیئرڈاکٹر محمد خان اچھی شہرت کی حامل شخصیت ہیں اور نہ صرف وہ شعبہ عالمی تعلقات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے سربراہ رہ چکے ہیں بلکہ کشمیرسمیت متعدد ایشوز پر ان کی گہری تحقیق ہے اوروہ یورپ سمیت کئی فورمز پر مسئلہ کشمیرکو پیش کرچکے ہیں۔

ان کے تقررسے مسئلہ کشمیرکی حقیقت خاص طورپرکشمیریوں کے حق خودارادیت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے امیدظاہرکی کہ آزادکشمیرحکومت کے اس فیصلے سے پاکستان اور آزادکشمیرکے ساتھ ساتھ سفارتی سطوح پر بھی مسئلہ کشمیرکوموثرطریقے سے اجاگرکیاجائے گا اور اس فورم کے بامقصد دائرہ کارکومزیدپھیلایاجائے گا۔ علی رضاسیدنے آزادکشمیرحکومت خاص طورپر نئے قائم ہونے والے نئے تھینک ٹینک سے کہاکہ وہ یورپ سمیت بیرونی دنیامیں مقیم کشمیری ڈائس پورہ سے بھی رابطے میں رہیں تاکہ مسئلہ کشمیرکو بھرپورر طریقے سے اجاگرکرنے میں درست مشاورہ ہوسکے۔