پنجاب یونیورسٹی کو ایشیا کی ہارورڈ یونیورسٹی بنائیں گے، وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر

ہفتہ 11 مارچ 2017 21:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مارچ2017ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ پنجا ب یونیورسٹی کو ایشیا کی ہارورڈ یونیورسٹی بنائیں گے، پاکستان کو درپیش مسائل سے نمٹنے اور ملک کی منزل کا تعین کرنے کیلئے طلبائو طالبات کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارہفتے کو پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے گرایجوئیٹس کیلئے منعقدہ جلسہ عطائے اسناد کی تقریب میںشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد تقی زاہد بٹ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، پرنسپل کالج آف الیکڑیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجاز، فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں طلبائو طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے گرایجوئیٹس کی مارکیٹ میں سب سے زیادہ مانگ ہونا ان کا خواب ہے کہ جیسے ہی یہ ڈگریاں لے کر جائیں تو لوگ ان کو نوکری کی پیشکش کریں۔انہوں نے کہاکہ طلبائو طالبات کو اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھتے ہوئے پوری لگن، ایمانداری اور محنت سے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے طلبائو طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کابجٹ 7.7بلین روپے ہے اور قوم اپنی دولت آپ پر خرچ کر رہی لہذا آپ کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کی خوشحالی میں کردار ادا کرنے کی صورت میں یہ دولت انہیں واپس کریں۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ پنجاب یونیورسٹی کا نام ہمیشہ اوپر رکھیں جس طرح اس مادر علمی نے انہیں زندگی کی نئی راہوں پر چلنے کے قابل بنایا ہے۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد تقی زاہد بٹ نے کہا کہ شعبہ میٹالرجی اور میٹیریلزانجینئرنگ ملک کے پائینر اداروں میں شمار ہوتا ہے جو کئی اہم ایوارڈ ز اپنے نام کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1998کے ایٹمی دھماکوں میں ہمارے گرایجوئیٹس نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبران ، لیبارٹریزاور انفراسٹرکچر میں ہمارے ادارے کا پاکستان بھر میں کوئی ثانی نہیں اور اسکے داخلوں کا میرٹ بھی سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو درپیش توانائی بحران کے خاتمے میں اپنا کردار ادا رکریں۔ تقریب میں سیشن 2012-16کے 99طلبائو طالبات میں سے میٹالرجی اور میٹیریلز انجینئرنگ کے 65جبکہ الیکڑیکل انجینئرنگ کے 34گرایجوئیٹس کو ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ الیکٹریکل انجینئرنگ میں طالبعلم بلال مشتاق نے پہلی پوزیشن اور گولڈ میڈلز حاصل کئے جبکہ میٹالرجی اور میٹیریلز انجینئرنگ کی طالبہ نوشین اعوان نے پہلی پوزیشن اورگولڈ میڈل اپنے نام کیا۔معروف مقرر حذیفہ انور کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔