وزیر اعظم کی تقریب میں ’’گو نواز گو ‘‘کے نعرے نوشتہ دیوا ر ہیں، حکمران سبق سیکھ لیں ‘عبدالعلیم خان

پروٹوکول کے رسیا حکمرانوں کو اپنے ہی شہر میں عوام کو مشکلات میں مبتلا کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے‘ سنٹر ل صدر تحر یک انصاف

ہفتہ 11 مارچ 2017 22:20

وزیر اعظم کی تقریب میں ’’گو نواز گو ‘‘کے نعرے نوشتہ دیوا ر ہیں، حکمران ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مارچ2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم کی تقریب میں "گونواز گو" کے نعرے درحقیقت نوشتہ دیوارہیں جنہیں پڑھتے ہوئے حکمرانوں کو سبق سیکھ لینا چاہیے ۔پروٹوکول کے رسیا حکمران خاندان کو اپنے ہی شہرکے باسیوں کو مشکلات میں مبتلا کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ جوں جوں پاناما کیس کا فیصلہ اور عام انتخابات کا انعقاد نزدیک آ رہا ہے عوام کے غصے اور حکومت کے بارے میں منفی رد عمل میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگ ان کی کسی وضاحت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے منہ پر ہی گو نواز گو کہنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ حوصلہ رکھے عوام اپنے ووٹ کے ذریعے چار برسوں کی ناکامیوں کا ضرور بدلہ لیں گے اور اب کسی نعرے پر کان نہیں دھریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ ، مہنگائی ،بے روزگاری اور امن و امان سمیت موجودہ حکومت کوئی مسئلہ حل نہیں کر سکی اور حالت یہ ہے کہ حکومت بجٹ اخراجات کیلئے بھی بنکوں سے 9کھرب81ارب کے قرضے لے چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صرف میڈیا میں اشتہاراتی مہم کے ذریعے اپنی کارکردگی پر فخر کرنے والوں کو آئندہ انتخابات میں آٹے دال کا بھاؤمعلوم ہو جائے گا ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور شہر کو اپنا گڑ ھ سمجھنے والوں کیلئے گو نواز گو کے نعرے آخری وارننگ ہیں اب اس کے بعد ہر طرف تحریک انصاف اور عمران خان ہوں گے کیونکہ کراچی سے خیبر تک عوام ملک گیر تبدیلی لانے کا عہد کر چکے ہیں ۔