بیر کی مناسب وقت پر مناسب طریقے سے برداشت انتہائی ضروری ہے، ماہرین زراعت

پیر 13 مارچ 2017 14:37

فیصل آباد۔13 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2017ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زرعت نے کہاہے کہ بیر کی مناسب وقت پر مناسب طریقے سے برداشت انتہائی ضروری ہے کیونکہ برداشت کے بعد بیر نہیں پکتااوراس طرح ذائقہ ، ساخت ، مٹھاس بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر بیر کی برداشت وقت سے پہلے کرلی جائے تو اس کا ذائقہ ترش رہ جاتاہے جس کے باعث منڈی میں اس کی قیمت انتہائی کم لگتی ہے لیکن اگر برداشت میں تاخیر کر لی جائے تو پھل زیادہ پک جانے کے باعث گلنا سڑنا شروع ہوجاتاہے اور اس کی ساخت بھی برباد ہو کر رہ جاتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ بیر کاپھل اس وقت پکاہوا سمجھا جاتاہے جب اس کا رنگ سنہری زرد ، ذائقہ میٹھا و ہلکا ترش ہو ۔ انہوںنے کہاکہ بیر کی برداشت کا مناسب وقت ورائٹی کے لحاظ سے ہوتاہے کیونکہ دوسرے پھلوں کی طرح بیر کی بھی کچھ اگیتی اورکچھ پچھیتی اقسام ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں وسط مارچ سے اپریل کے آخر تک بیر کاپھل منڈی میں دستیاب رہتا ہے۔

انہوںنے بتایاکہ کسی بھی درخت اورورائٹی کاپھل ایک ہی دفعہ نہیں پکتابلکہ ہر درخت سے تین یاچار بار پھل توڑ کر اس کی برداشت مکمل کی جاتی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ عام طور پر پھل کی برداشت کاعمل درخت کے ساتھ سیڑھی لگا کر مکمل کیاجاتاہے جبکہ ایک مزدور ایک دن میں 50کلوگرام تک بیر کاپھل برداشت کرلیتاہے ۔انہوںنے بتایاکہ کچھ اقسام 120دن میں جبکہ کچھ 170دن میں پک کرتیار ہو تی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ باغبان و کاشتکار بیر کی برداشت کے بارے میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یاماہرین زراعت کی خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔