چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کادیگر جسٹس صاحبان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کورٹ کادورہ

بلوچستان بار کے صدر آصف ریکی ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس اور دیگر جسٹس صاحبان کو بار روم آمد پر خوش آمدید کہا وکلاء کی جانب سے چائے پارٹی کا اہتمام ‘سیکورٹی سے متعلق تجاویز پیش کیں

پیر 13 مارچ 2017 23:41

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کادیگر جسٹس صاحبان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کورٹ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مارچ2017ء) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس محمد نور مسکانزئی نے ہائی کورٹ کے دیگر جسٹس صاحبان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کورٹ /کچہری کادورہ کیا۔ بلوچستان بار کے صدر آصف ریکی ایڈووکیٹ نے جناب چیف جسٹس اور دیگر جسٹس صاحبان کو بار روم آمد پر خوش آمدید کہا۔ جہاں وکلاء نے انکے اعزاز میں چائے پارٹی کا اہتمام بھی کیا اور سیکورٹی سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔

اس موقع پر جناب جسٹس محمد کامران ملاخیل نے سیکورٹی سے متعلق اقدامات کا ذکر تفصیل سے کیا جو بار کے نمائندوں نے سراہا ۔ چیف جسٹس نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بار اور بینچ پر کافی زیادہ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔سیکورٹی کی صورتحال کو عدالتوں کے احاطوں میں مزید بہتر بنانے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جس میں خاص کروکلاء کا تعاون بے حد ضروری ہے اور ان کے تعاون کے بغیر سیکورٹی کے بہتر نتائج آنا ناممکن ہیں۔ انہوں نے وکلاء اور ججز پر زور دیا کہ اس سلسلے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں تاکہ تمام لوگ جو عدالتوں میں اپنے مقدمات کی پیروی کے سلسلے میں پیش ہوتے ہیں اپنے آپ کو محفوظ تصور کریں۔ چیف جسٹس نے مختلف عدالتوں کا معائنہ بھی کیا اور جوڈیشل آفیسران کو مقدمات جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :