کاشتکاروں کو دالوں اور سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے اعلیٰ معیار کا بیج رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے اقدامات کاآغاز

منگل 14 مارچ 2017 15:38

فیصل آباد۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2017ء)سیڈ کارپوریشن نے کاشتکاروں کو دالوں اور سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے اعلیٰ معیار کا بیج رعائتی نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے اقدامات کاآغاز کردیا ہے تاکہ غیر معیاری و ناقص کوالٹی کے حامل بیجوں کے استعمال سے کاشتکاروں کو پہنچنے والے مالی نقصان اور فصلات کی تباہی سے بچایاجاسکے۔

سیڈکارپوریشن فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ پنجاب سیڈ کارپوریشن سیڈ انڈسٹری میں لیڈر کا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ بہتر معیار کے باعث پنجاب اور دیگر صوبوں میں پنجاب سیڈکارپوریشن کے معیاری بیجوں کی بہت مانگ ہے ۔انہوںنے کہاکہ گندم کے بیج کے لاکھوںبیگز کی ریکارڈ فروخت اس بات کا ثبوت ہے کہ کسان پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ بیج پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سیڈ کارپوریشن کسانوں کو دالوں اور سبزیوں کے معیاری اور سستے بیج فراہم کرنے کے منصوبہ پر جلد از جلد کام مکمل کرلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہونے کی امید ہے جس سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا سبز انقلاب کا خواب ضرور پورا کیا جائیگا۔انہوںنے بتایاکہ کپاس اور چاول کے تصدیق شدہ بیج کی فروخت کیلئے بھی پنجاب سیڈ کارپوریشن نے تیاری شروع کر دی ہے۔