پنجاب یونیورسٹی میں عالمی معیار کے گلوکارموجود ہیں‘ڈاکٹر ظفر معین ناصر

مثبت سرگرمیاں جسم اور دماغ کے لئے ضروری ہیں اور ہمیں ایسے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے

منگل 14 مارچ 2017 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2017ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے طلباء و طالبات میں عالمی معیارکے گلوکار موجود ہیں اور ہمارا یہ ٹیلنٹ دنیا میں اپنا نام بنائے گا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلبہ کے زیر اہتمام الرازی ہال میںمنعقدہ بین الشعبہ جاتی صوفیانہ و عارفانہ کلام کے فائنل مقابلوں پر طلباء و طالبات سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز شاہد گل، ڈپٹی ڈائریکٹر سید زبیر اکرم اور مختلف شعبہ جات سے فن کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات اور سامعین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مقابلے میں ججز کے فرائض پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے اسسٹنٹ پروفیسر اسرار چشتی، معروف گلوکار وحدت رمیض اور علی عباس نے سرانجام دئیے۔

(جاری ہے)

مقابلے میں طلباء و طالبات نے بہترین انداز میں صوفیانہ اور عارفانہ کلام پڑھ کر سماء باندھ دیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اس میدان میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت سرگرمیاں جسم اور دماغ کے لئے ضروری ہیں اور ہمیں ایسے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے بہترین ٹیلنٹ کا انتخاب کرنے پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز شاہد گل اور ڈپٹی ڈائریکٹر زبیر اکرم کو مبارکباد دی۔

اپنے خطاب میں شاہد گل نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم نے ملک بھر کے مختلف اداروں میں اس سال 50 ٹیم ٹرافیاں جیتی ہیں۔بوائز کے مابین ہونے والے مقابلوں میں محمد ہارون، محمد اویس، زرتاج اور ظفر عباس جعفری نے بالترتیب پہلی، دوسری ، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی جبکہ گرلز میں زینب رحمان، صبا بٹ، مہک اعظم اور شبانہ عباس نے بالترتیب پہلی، دوسری ،تیسری اور چوتھی پوزیشن اپنے نام کی۔

متعلقہ عنوان :