13ء میں جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ہمیں دہشت گردی، اقتصادی تنزلی اور توانائی کی قلت سمیت کئی مسائل کا سامنا تھا، ہماری حکومت نے ان مسائل کو چیلنج سمجھتے ہوئے انتھک کام کیا اور ان تمام مسائل پر قابو پایا، آج الله کے فضل اور ہماری حکومت کی سخت محنت سے پاکستان خوشحالی اور ترقی کے راستے پر گامزن ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کی گورنر ہائوس کراچی میں معروف کاروباری افراد سے بات چیت

منگل 14 مارچ 2017 23:23

13ء میں جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ہمیں دہشت گردی، اقتصادی تنزلی اور توانائی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 2013ء میں جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ہمیں دہشت گردی، اقتصادی تنزلی اور توانائی کی قلت سمیت کئی مسائل کا سامنا تھا تاہم ہماری حکومت نے ان مسائل کو چیلنج سمجھتے ہوئے انتھک کام کیا اور ان تمام مسائل پر قابو پایا، آج الله کے فضل اور ہماری حکومت کی سخت محنت سے پاکستان خوشحالی اور ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔

وہ منگل کو گورنر ہائوس کراچی میں معروف کاروباری افراد سے بات چیت کر رہے تھے۔ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق لوٹ آئی ہیں، اس حوالہ سے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کا کردار قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کا بھی اعتراف کیا ہے، پاکستان اب کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش منزل بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار سال کے دوران موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور اقتصادی کامیابیوں کے نتیجہ میں مختلف معروف بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اب میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا ہے جبکہ بلند ترین، پائیدار اور انکلوژو گروتھ پر توجہ دے رہے ہیں، مالی سال 2016ء میں مجموعی قومی پیداوار 4.7 فیصد ریکارڈ کی گئی جو کہ 8 سال کی بلند ترین شرح ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سی پیک سرمایہ کاری اور روزگار کے بڑے مواقع فراہم کرتا ہے۔ سرمایہ کار پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی بینک کے ایز آف ڈونگ بزنس (ای او ڈی بی) انڈیکس میں اپنی رینکنگ میں چار پوائنٹس کی بہتری لایا ہے۔ ہم نے سی پیک روٹس پر خصوصی اقتصادی زونز کیلئے مختلف مقامات کی نشاندہی کی ہے جو کاروبار کے شاندار مواقع فراہم کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے نئی آٹوموٹو ڈویلپمنٹ پالیسی متعارف کی ہے جو مسابقت اور معیاری مصنوعات کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔ اجلاس میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل، پارلیمنٹیرینز اور سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔