اے پی این ایس کا سالانہ اجلاس عام 30 مارچ کو کراچی میں منعقد کرنے کا فیصلہ،سال 2017-18ء کیلئے ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کا انتخاب ہو گا،اخباری صنعت کے مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی اور اقدامات وضع کئے جائیں گے

منگل 14 مارچ 2017 23:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2017ء) اے پی این ایس نے اپنا سالانہ اجلاس عام 30 مارچ 2017ء کو کراچی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس عام میں سال 2017-18ء کیلئے ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کا انتخاب ہو گا اور اخباری صنعت کے مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی اور اقدامات وضع کئے جائیں گے۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے رواں سال کیلئے سیکرٹری جنرل کی سالانہ رپورٹ اور سالانہ حسابات کی منظوری دی۔

ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس صدر اے پی این ایس سرمد علی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں طویل عرصہ سے حل طلب سرکاری نرخوں میں اضافہ اور تحلیل شدہ وزارتوں کے ذمہ واجبات کی ادائیگی پر سوسائٹی کے عہدیداران کی خدمات اور وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کے کردار پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

صدر نے اراکین کو پی آئی ڈی میں ہونے والے اے بی سی سے متعلق اجلاس کی کارروائی سے آگاہ کیا جس میں اے بی سی نظام میں خود کاریت متعارف کرانے کی تجاویز دی گئی ہیں۔

ایگزیکٹو کمیٹی نے رکنیت کیلئے درخواستوں پر غور کرتے ہوئے روزنامہ فرض کراچی، روزنامہ پریس کانفرنس لاہور اور روزنامہ سفیر حیدرآباد کیلئے ایسوسی ایٹ رکنیت کی منظوری دی۔ اجلاس میں روزنامہ ہر لمحہ فیصل آباد، ماہنامہ حنا لاہور، روزنامہ جسارت کراچی، روزنامہ جرأت لاہور، روزنامہ صورتحال فیصل آباد، روزنامہ تجارت گوجرانوالہ اور روزنامہ تجارت (لاہور، سرگودھا اور کوئٹہ) کے ناشرین کی تبدیلی کی منظوری دی۔

ایگزیکٹو کمیٹی نے ریجنل پریس کمیٹی، میڈیم سائزڈ میٹرو پولیٹن اخبارات کمیٹی اور خواتین ناشرین کمیٹی کے اجلاسوں کی رپورٹوں کی منظوری دی اور متعلقہ کمیٹیوں کے سربراہوں کو سفارشات پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے روزنامہ اوصاف کے چیف ایڈیٹر مہتاب خان کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

اجلاس میں سرمد علی (صدر)، ممتاز اے طاہر (نائب صدر)، سید محمد منیر جیلانی (جوائنٹ سیکرٹری)، سید علی حسن نقوی (فنانس سیکرٹری)، محسن بلال (روزنامہ اوصاف)، وسیم احمد (روزنامہ عوام)، رحمت علی رازی (ہفت روزہ عزم/روزنامہ طاقت)، ہمایوں طارق (روزنامہ بزنس رپورٹ)، شہاب زبیری (روزنامہ بزنس ریکارڈر)، فوزیہ شاہین (ماہنامہ دستک)، رضوان اشرف (روزنامہ دنیا لاہور)، قاضی اسد عابد (روزنامہ عبرت)، عامر محمود (ماہنامہ کرن)، سید ممتاز احمد شاہ (روزنامہ مشرق لاہور)، مشتاق اے قریشی (ماہنامہ نئے افق)، سردار خان نیازی (ماہنامہ نیا رخ)، فیصل زاہد ملک (روزنامہ پاکستان آبزرور)، الیاس شاکر (روزنامہ قومی اخبار)، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی (ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ)، خوشنود علی خان (روزنامہ صحافت)، ہمایوں گلزار (روزنامہ سیاست)، ریاض احمد منصوری (ماہنامہ دی کرکٹر)، جمیل اطہر (روزنامہ تجارت لاہور)، شاہد محمود (روزنامہ تجارتی رہبر) اور سید ہارون شاہ (روزنامہ وحدت) نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :