صومالیہ، بحری قزاقوں نے تیل سے بھرا بحری جہاز اغواء کر لیا

بدھ 15 مارچ 2017 11:27

صومالیہ، بحری قزاقوں نے تیل سے بھرا بحری جہاز اغواء کر لیا
موغادیشو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) بحری قزاقوں نے صومالیہ کے ساحل کے قریب سے تیل سے بھرے ایک بحری جہاز کو اغوا کر کے اس میں سوار 8 ملاحوں کو یرغمال بنا لیا۔ 2012 ء کے بعد اس سمندری راہداری میں بحری قزاقوں کی یہ پہلی بڑی کارروائی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے ساحل کے قریب بحری قزاقوں نے 'ایریس 13' نامی بحری جہاز کو اغوا کر لیا جس میں بڑی مقدار میں خام تیل بھرا ہوا ہے۔

ایریس 13 کے اغوا کو گلوبل شپنگ انڈسٹری کے ماہرین حیران کن قرار دے رہے ہیں کیوں کہ اہم سمندری راہداریوں پر نیٹو ممالک، چین، بھارت اور ایران وغیرہ کی بحریہ مسلسل گشت کرتی رہتی ہیں اور انہوں نے گزشتہ کئی برسوں سے صومالی قزاقوں کو کوئی جہاز اغوا نہیں کرنے دیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اقوام متحدہ نے گزشتہ برس اکتوبر میں خبردار کیا تھا کہ صومالی قزاق دوبارہ حملہ آور ہونے کا ارادہ اور صلاحیت رکھتے ہیں۔

اوشنز بیانڈ پائریسی کے ڈائریکٹر جان اسٹیڈ نے بتایا کہ 'ایریس 13 نامی جہاز میں 8 ملاح موجود تھے جن کا تعلق سری لنکا سے ہے اور یہ بحری جہاز جبوتی سے تیل لے کر صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو جا رہا تھا اور اسی دوران اسے مسلح افراد نے ہائی جیک کر لیا'۔ صومالیہ کی نیم خودمختار ریاست پونٹ لینڈ کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تقریباً دو درجن کے قریب لوگ صومالیہ کے شمالی ساحل کے قریب جہاز پر سوار ہوئے۔ صومالیہ کے قصبے الولہ کے ایک مقامی باشندے سلاد نور نے بتایا کہ پیر کے روز جہاز کو ہائی جیک کیا گیا تھا اور منگل کو اسے الولہ کے ساحل پر لنگر انداز کر دیا گیا اور اب مزید مسلح افراد اس پر سوار ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :