وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی ملاقات، پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال

بدھ 15 مارچ 2017 23:35

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی ملاقات، پاکستان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ امریکی سفارتخانہ کے اکنامک قونصلر ٹیڈ سیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں کاروبار میں آسانی کیلئے جاری اصلاحات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ دیرینہ دوست، شراکت دار اور سٹرٹیجک اتحادی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے امریکی سفیر کو پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی لانے کیلئے اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں گے۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے امریکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط، طویل المدتی اور وسیع دوطرفہ شراکت داری پر مبنی ہیں۔