امریکی قونصلیٹ میں سیاسی عمل میں خواتین کی شرکت کے عنوان سے مذاکرہ

بدھ 15 مارچ 2017 23:38

امریکی قونصلیٹ میں سیاسی عمل میں خواتین کی شرکت کے عنوان سے مذاکرہ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن اور سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے خواتین ارکان اسمبلی کے گول میز مذاکرے کی مشترکہ صدارت کی۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر ہونے والی تقریب میں سندھ اسمبلی کی 15 خواتین ارکان نے شرکت کی۔ شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے سیاسی عمل میں حصہ لینے سے سندھ میں جمہوری اقدار کے فروغ، سیاسی استحکام اور عورتوں کو بااختیار بنانے میں بھرپور مدد ملی ہے۔

امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے افتتاحی کلمات میں امریکہ اور دنیا بھر میں سیاست میں حصہ لینے والی خواتین کی مشکلات بیان کیں اور سندھ کی خواتین سیاست دانوں کے تجربات جاننے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ ہم سیاسی عمل میں مکمل شرکت کے لیے خواتین کی مدد اور حوصلہ افزائی کررہے ہیں، سندھ میں امریکی حکومت کے تعاون سے صنفی مساوات کا پروگرام (Gender Equity Program) چلایا جارہا ہے جو دیگر امور کے ساتھ خواتین کو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے مالی مدد بھی فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے وہ ووٹ دے کر سیاسی عمل کا حصہ بننے کی اہل ہوجاتی ہیں۔

سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے سیاست میں خواتین کے حصہ لینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کو سندھ میں خواتین کو بااختیار بنانے اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔