راجہ مجاہد افسر نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول چکوال میں جدید کمپیوٹر لیب کیلئے تین لاکھ روپے کا چیک ڈپٹی کمشنر کو پیش کیا

جمعرات 16 مارچ 2017 16:27

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) معروف سماجی شخصیت راجہ مجاہد افسر نے جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ پبلک سکول چکوال میں جدید کمپیوٹر لیب کیلئے تین لاکھ روپے کا چیک ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر کو پیش کیا۔ اس ضمن میں منعقد تقریب میں چیف ایگزیکٹو محکمہ تعلیم ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، پرنسپل ڈی پی ایس ندیم سرور کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

پرنسپل ندیم سرور نے سکول میں جدید کمپیوٹر لیب کے قیام کے حوالے سے تفصیلات بتائیں اور کہا کہ 15کمپیوٹرز پر مشتمل جدید کمپیوٹر لیب قائم کی جا رہی ہے جس کا باقاعدہ آغاز اگلے ماہ سے ہوگا۔ راجہ مجاہد افسر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کیے بغیر ترقی کا سفر مکمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جدید کمپیوٹر لیب کیلئے مزید فنڈز کی بھی ضرورت ہوئی تو وہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجہ مجاہد افسر جیسی تعلیم دوست اور فروغ تعلیم شخصیت معاشرے میں ایک نعمت سے کم نہیں اور ایسے لوگ بے شک قابل ستائش ہیں اور ایسے لوگوں کی موجودگی میں ادارے اور معاشرے پھلتے پھولتے ہیں۔