فرانسیسی صدر فرانکوئس ہولاندے نے پاکستانی فارماسوٹیکل کمپنی کی فیکٹری کا افتتاح کیا،تقریب میں پاکستان کے سفیر معین الحق،میئر مسٹر فلپ بروگر، کائونٹی کونسل کے صدر مسٹر پاسکل کوسٹ سمیت اعلیٰ فرانسیسی حکام اور نمایاں شخصیات کی شرکت، یہ سرمایہ کاری پاکستان اور فرانس کی دوستی کی علامت ہے،صدر فرانکوئس ہولاندے

جمعرات 16 مارچ 2017 23:41

پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) فرانسیسی صدر فرانکوئس ہولاندے نے پاکستانی فارماسوٹیکل کمپنی مارٹن ڈو کی طرف سے فرانس کے جنوب مغربی علاقے مے میک میں فارماسوٹیکل فیکٹری کا جمعرات کو افتتاح کر دیا۔ تقریب میں فرانس میں پاکستان کے سفیر معین الحق، مے میک کے میئر مسٹر فلپ بروگر، کائونٹی کونسل کے صدر مسٹر پاسکل کوسٹ اور ریجنز کونسل کی نائب صدر میڈم نیتھالے ڈیلکورسرک کے علاوہ فرانسیسی حکومت کے اعلیٰ حکام اور علاقے کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر فرانس کے صدر فرانکوئس ہولاندے نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری پاکستان اور فرانس کی دوستی کی علامت ہے، جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سابق امریکن کی ملکیت فارماسوٹیکل پلانٹ کو ایک پاکستانی فارماسوٹیکل کمپنی کا حاصل کرنا پاکستان اور فرانس کے درمیان سرمایہ کاری کے تعلقات میں مضبوطی کی طرف ایک مثبت قدم ہے، جس سے خطے میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہونگے۔

(جاری ہے)

فرانسیسی صدر نے فیکٹری کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں چیئرمین مسٹر جاوید اخئی کی طرف سے مفصل بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر معین الحق نے مارٹن ڈو کی سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے نجی شعبہ کے اعتماد میں اضافہ کا مظہر ہے، جو ترقی یافتہ ممالک میں بھی کامیابی کے ساتھ اپنے پائوں جما رہا ہے اور کاروبار کو وسعت دے رہا ہے، اس سے پاکستان میں فرانسیسی سرمایہ کاری کے امکانات بھی روشن ہونگے۔

یہ فیکٹری بنیادی طور پر ایک امریکن کمپنی برسٹول مائرز سکوئیب (اے ایم ایس) نے 1990ء میں قائم کی تھی، جسے بعد ازاں 2010ء میں ایک الجیرین کمپنی سالم لیبز نے حاصل کیا، جس نے 2015ء میں اپنی سرگرمیاں بند کر دیں اور یہ پلانٹ پاکستانی گروپ مارٹن ڈو نے حاصل کر لیا۔ 1995ء میں قائم ہونے والی کمپنی مارٹن ڈو پاکستان کی سب سے بڑی فارماسوٹیکل کمپنی ہے۔

متعلقہ عنوان :