Live Updates

کسی کو کشمیر کے حصے بخرے نہیں کرنے دینگے‘ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے وحدت پارہ پارہ ہو جائیگی

پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر خواتین ونگ سوشل میڈیا کی مرکزی صدر محترمہ گلشن منہاس کی بات چیت

اتوار 19 مارچ 2017 17:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر خواتین ونگ سوشل میڈیا کی مرکزی صدر محترمہ گلشن منہاس نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے کشمیر کی وحدت پارہ پارہ ہو جائے گی۔ پاکستانی حکمران ہوش کے ناخن لیں ۔حکمران اپنے مفاد کی خاطر کشمیر کی وحدت کو نقصان پہنچاناچاہتے ہیں۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اس حوالے سے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کیساتھ دوٹوک بات کریں۔

گلگت بلتستان کشمیر کی لازمی اکائی ہے ۔یہ کسی صورت جد انہیں ہو سکتی ۔ جب وکیل مالک بن بیٹھے تو اس وقت مقدمہ خراب ہو جاتا ہے۔ حکومت پاکستان اس طرح کی تجویز پر عمل کرنے سے باز رہے ۔ گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے کی سازش پرگزشتہ روز صحافیوں کو اپنا ردعمل دیتے ہوئے گلشن منہاس نے کہا کہ کشمیریوں نے کشمیر کی مکمل آزادی اور وحدت کی خاطر قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر ‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پوری ریاست کی ناقابل تقسیم اکائیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کو کشمیر کا جو رقبہ پاکستانی حکمرانوں نے تحفہ میں دیا ہے وہ بھی واپس لیا جائے اور ایسی کوئی بھی حرکت نہ کی جائے جس سے تحریک آزادی پر کوئی منفی اثر پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام بھارتی فوج کی گولیوں کی بچھاڑ میں بھی پاکستانی پرچم سربلند کرکے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے جام شہادت نوش کررہے ہیں۔

پاکستان کے حکمران یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ کشمیری کھبی بھی کشمیر کے حصے بخرے نہیں کرنے دینگے۔ پاکستان کی عوام نے ہمیشہ کشمیریوںکی پشت بانی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان کو تمام حقو ق دئیے جائیں۔گلگت بلتستان کے عوام بھی یہ نہیں چاہتے کہ وہ کشمیر سے الگ ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر پر منفی اثرات مرتب ہونگے ، ایسا کرنے سے بین الاقوامی سطح مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف کمزور جبکہ ہندوستان کے موقف کو تقویت ملے گی ، گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا عمل 6لاکھ شہداء جموں وکشمیر کے خون سے غداری ، اور تحریک حریت کیلئے زخمی ہونے والوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات