امیر المومنین حضرت ابو بکر صدیق ؓ نے قرآن ، حدیث اور سنت کی روشنی میں جس طرز حکمرانی کی بنیاد رکھی وہ بنی نوع انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے، پرویز خٹک

حضرت ابو بکر صدیق ؓ نے اپنے دور حکومت میں قرآن وسنت کی روشنی میں عوامی فلاح کو ترجیح دی، کارنامے الله کی خوشنودی انسان کی فلاح سے عبارت ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 21 مارچ 2017 22:49

امیر المومنین حضرت ابو بکر صدیق ؓ نے قرآن ، حدیث اور سنت کی روشنی میں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ امیر المومنین حضرت ابو بکر صدیق ؓ نے قرآن ، حدیث اور سنت کی روشنی میں جس طرز حکمرانی کی بنیاد رکھی وہ تمام بنی نوع انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیفہ اول ہوتے ہوئے نہایت عاجزی اور سادگی سے زندگی گزاری۔ وزیر اعلیٰ نے ان خیالات کا اظہارحضرت ابو بکر صدیق ؓ کے یوم وفات کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت ابو بکر صدیق ؓ اسلامی تاریخ کے وہ حکمران ہیں جن کی طرز حکمرانی کی نہ صرف مسلمانوں بلکہ دوسرے مذاہب کے لوگوںنے بھی تقلید کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں مسلمانوں نے بلا خوف و خطر دین اسلام کی تبلیغ کو عام کیا۔حضرت ابو بکر صدیق ؓ اپنے آپ کو اللہ کے سامنے عملی طور جوابدہ سمجھتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت ابو بکر صدیق ؓ نے اپنے دور حکومت میں قرآن وسنت کی روشنی میں عوامی فلاح کو ترجیح دی۔

اُن کے کارنامے الله کی خوشنودی اور بنی نوع انسان کی فلاح سے عبارت ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ان کا دور خلافت تاریخ میں سنہرے حروف سے یا د کیا جاتا ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق ؓ نے عام آدمی کو برابری کے مواقع اور یکساں میدان فراہم کیا۔ خاص کر غریبوں اور ناداروں کی حالت بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے۔ اُن کے دور خلافت میں مسلمانوں کی انفرادی اور اجتماعی کردار سازی پر توجہ دی گئی اور اُن کی شعوری اور فکری تعلیم کو فوقیت دی گئی۔

انہوںنے تمام معاشرے کو یکجا کرنے کیلئے عا م اورخواص کے فرق کو مٹایا ۔ حضرت ابو بکر صدیق ؓنے بجا طور پر حضر ت محمدؐ کی دی ہوئی تعلیمات پر عمل کرکے دوسروں کو پیروی کرنے کا عملی نمونہ پیش کیا ۔حضرت ابو بکر صدیق ؓایک شخصیت کانام ہی نہیں بلکہ وہ ایک عہد کا نام ہے جس میں مسلمانوں میں جذبہ ایمانی ، ایک دوسرے کے دُکھ دردکو بانٹنے اور تمام مسلمانوں کو ایک لڑی میں پروکر بھائی چارے کو فروغ حاصل ہوا۔

ان کے دور میں عدل و انصاف کا ایک پیمانہ تھا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت حضرت ابو بکر صدیق ؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور عوامی مفاد کیلئے صوبائی محکموںمیں متعدد اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیںجس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی سہل ہو رہی ہے۔ صوبائی حکومت عوام کو انصاف دینے ، میرٹ پر فیصلہ سازی اور حقدار کو حق دینے کیلئے کھڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :