شبیر احمد شاہ کا شہدائے پتھری بل اور براکہ پورہ کو خراج عقیدت،شہدا کے لواحقین کیساتھ اظہار یکجہتی

بدھ 22 مارچ 2017 17:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء)مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے 23اور24مارچ 2000ء کو بھارتی فورسز کی طرف سے پتھری بل میں شہید کئے جانیوالے 5اور براکہ پورہ اسلام آبادمیں شہید کئے گئے 7کشمیریوں کو ان کی 17ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مارچ 2000میں اس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن کے دورے بھارت کے موقع پر چھٹی سنگھ پورہ میں 35 سکھوںکو بے دردی سے قتل کیا گیااور بھارتی ایجنسی سی بی آئی نے اس واقع میں بھارتی فوجیوں کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور اس بارے میں ثبوت پیش کئے تاہم اس سب کے باوجود مجرم فوجیوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ چھٹی سنگھ پورہ کے واقعے کے چند روز بعد فوجیوں نے براکہ پورہ میں سات افراد کو مار دیا اور دعویٰ کیا کہ یہ لوگ سکھوں کے قتل ملوث تھے لیکن شہداء کی قبر کشائی نے اس سارے معاملے کو افشاکیا کہ مارے جانے والے لوگ عام شہری تھے جنہیں فوج نے بستی سے دور لے جاکرایک فرضی مقابلے میں شہید کیاتھا ۔شبیر احمد شاہ نے سانحہ پتھری بل کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے قتل عام کے ان واقعات کی کسی بین الاقوامی ایجنسی کے ذریعے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔