ہمیں خود کو جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کردینے کا عہد کر نا چاہیے

پیپلزپارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

بدھ 22 مارچ 2017 23:44

ہمیں خود کو جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے روز ہمیں خود کو جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کردینے کا عہد کر نا چاہیے اور انہی اصولوں کی بنیاد پر پاکستان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم مساوات اور عوام کی فلاح کے اصول بلاتفریق رنگ، نسل اور مذہب اختیار کرنے چاہئیں کیونکہ یہی خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا اور انہوں نے اپنی 11اگست 1947ء کی آئین ساز اسمبلی میں کی گئی تقریر میں ہمیں رہنما اصول کے طور پر بتائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہایت سنگین بات ہے کہ آج یوم پاکستان کے موقع پر ہم اپنی عدلیہ کی جگہ فوجی عدالتوں کو دے رہے ہیں کیونکہ کرمنل جسٹس سسٹم کمزور ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس لئے آج ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ جلد از جلد کرمنل جسٹس سسٹم کو درست کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقصد کو ایک بڑا خطرہ ان انتہاپسندوں سے بھی ہے جو مذہب کے نام پر اپنا دقیانوسی ، خواتین اور غیرمسلموں کے خلاف ایجنڈا عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ انتہاپسندوں سے آخری دم تک لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں یہ توفیق دے کہ ہم خود کو قائداعظم کے اصولوں کے وارث ثابت کر سکیں۔