ْ پنجاب یونیورسٹی کے فسادی عناصر کا علاج صرف آپریشن ردّالفساد ہے،صاحبزادہ حامد رضارضوی

جمعہ 24 مارچ 2017 22:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) انجمن طلباء اسلام صوبہ پنجاب کے سیکریڑی اطلاعات محمد اکرم رضوی کی قیادت میں وفد نے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا رضوی سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی ۔ملاقات میں ملک و قوم کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفد میں طیب شیخ ،اشتیاق بھٹی ،ملک خرم شہزاد ،چوہدری ابرار احمد بابر ،حافظ اسد علی ،ملک زبیر مصطفائی بھ شامل تھے ۔

صاحبزادہ حامد رضانے اے ٹی آئی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی کو ایک فاشسٹ تنظیم نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ جامع پنجاب کو غنڈہ عناصر سے پاک کیا جائے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے شرپسند عناصر نے پختون کلچرل ڈے پر حملہ کرکے غنڈہ گردی کی بد ترین مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی کے فسادی عناصر کا علاج صرف آپریشن ردّالفساد ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کو مخصوص نظریے کی حامل طلبہ تنظیم نے ذاتی جاگیر بنا رکھا ہے۔حملہ آور تنظیم کے ڈنڈے انہی سیاسی مداریوں سے ملتے ہیں جو پاک فوج کے شہیدوں کوشہید ماننے سے انکار کرتے رہے ہیں۔وطن عزیز کے تعلیمی ادارے علم کا نور بانٹنے کیلئے قائم کیے گئے ہیں۔یونیورسٹیوں میں طلباء کا بھیس بدلے انتہاپسند عناصر کیخلاف بھرپورایکشن لینے کی ضرورت ہے۔

معصوم طلباء کومفادات کیلئے استعمال کرنیوا لی نام نہاد مذہبی سیاسی جماعت کوبے نقاب ہونا چاہیے۔ پاک افواج اور نظریہ پاکستان کی مخالف انتہا پسند تنظیم کا پنجاب یونیورسٹی میں دن دہاڑے حملہ آور ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ محب وطن اور علم دوست قوتیں تعلیمی اداروں میں بھی خود کو منظم کریں اور طلباء سیاست کے نام پر غنڈہ گردی کرنے والوں کو ہر فورم پر ناکام بنایا جائے۔ پنجاب یونیورسٹی میں آپریشن کلین اپ کیا جائے۔