وزیراعلیٰ بلوچستان کی یوم پاکستان جوش وجذبے سے منانے پر عوام کو مبارک باد

جمعہ 24 مارچ 2017 22:51

وزیراعلیٰ بلوچستان کی یوم پاکستان جوش وجذبے سے منانے پر عوام کو مبارک ..
کوئٹہ۔24مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ زہری نے ملک بھر کی طرح بلوچستان میں یوم پاکستان جوش وجذبے اور شایان شان طریقے سے منانے پر بلوچستان کے غیور اور محب وطن عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے تمام ڈویژنل اورضلعی ہیڈکوارٹرز میں قومی پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام اور ریلیوں کے انعقاد میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں کی شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ اہل بلوچستان سچے پاکستانی ہیںاور انہیں اپنے وطن کے خلاف کسی بھی سازش میں مبتلاکرکے ورغلایا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یوم پاکستان پر عوامی جوش وجذبہ ان ملک دشمن عناصر کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے جو آزادی کے نام نہاد نعرے بلند کرکے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا اور عوام کو ورغلانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور بلوچستان بھر کے عوام ملک وصوبے کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے یکجا اور متحد ہیںاور انہیں ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔