کشمیری نام نہاد انتخابات کامکمل بائیکاٹ کریں،سید علی گیلانی

ہفتہ 25 مارچ 2017 18:19

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے میں ہونے والے بھارتی پارلیمنٹ کے نام نہاد ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل دہرائی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اگر چہ بھارت نواز جماعتوں نے ہمیشہ ترقیاتی کاموںاور لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے نام پر ووٹ مانگے ہیں لیکن بھارت عالمی فورموں پر ان انتخابات کو اپنے مذموم مقصد کے لیے استعمال کر تا آیا ہے۔

انہوں نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ انہوں نے جس جوش و جذبے کا 2016کی احتجاجی تحریک کے دوان مظاہرہ کیا تھا ،انتخابات کے بائیکاٹ کے حوالے سے بھی وہ اسی جذے کا مظاہرہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے وسطی اور جنوبی کشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 9اور 12اپریل کو اپنے حلقوں میں نام نہاد انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور انکے خلاف پر امن مظاہرے کریں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ ڈھونگ انتخابات سے پہلے تمام مزاحمتی قیادت کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے اور ان حالات میں علما ء اور آئمہ کرام کے علاوہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نام نہاد انتخابات کے منفی اثرات سے لوگوں کو آگاہ کریں۔

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طورپر نظر بند چیئرمین محمدیاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ میں اتنی جرا،ْت نہیں کہ وہ حریت رہنمائوں کا سیاسی طریقے سے مقابلہ کرے ، یہی وجہ ہے کہ اس نے انہیں غیر قانونی طور پر نظر بند کر رکھا ہے ۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم فورم نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے آزادی پسند رہنمائوں کے خلاف عائد پابندیوں کی مذمت کی۔

دریں اثناء تحریک حریت جموں وکشمیر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںغلام محمد خان سوپوری، عبدالعزیز گنائی، محمد شعبان خان، غلام بنی گوجری، عبدالمجید شاہ اور لطیف احمد کلو سمیت حریت رہنمائوں اور کارکنوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی مذمت کی۔ بھارتی پولیس نے حریت رہنما سرجان احمد وگے المعروف سرجان برکاتی کو جو جنوبی کشمیر کی مقبول اورکرشماتی شخصیت ہیں رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کرلیا ہے۔

شوپیان کی عدالت نے ان پر عائد کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کالعدم قرارد ے کر انہیں رہا کرنے کاحکم دیا تھا۔ پولیس نے سرینگر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے دفتر پر چھاپہ مار کر اس کے ایک کارکن اور ضلع شوپیان کے علاقے امام صاحب میں رات کے دوران گھروں پر چھاپوں میں 6نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

متعلقہ عنوان :