حکومتی اقدامات کے بہترین نتائج برآمد ہونگے‘ عبدالرشید مغل

اتوار 26 مارچ 2017 15:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء عبدالرشید مغل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے اور ریاستی تشخص کو بحال کرنے کیلئے جرات مندانہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے مختصر عرصہ میں جو عوامی اقدامات اٹھائے ہیں اس کے دورس نتائج برآمد ہونگے۔پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت انتخابی وعدوں سے بھی بڑھ کر اقدامات کررہی ہے۔ اتنے بڑے اور بھاری منیڈیٹ کے باوجود مختصر کابینہ کیساتھ عوام کی خدمت کرنا ریاست کیلئے نیک شگون ہے۔ سابقہ ادوار میں حکومتی جماعتوں کے جیتے ہوئے وزیر جبکہ ہارے ہوئے مشیر بنا دئیے جاتے تھے لیکن راجہ فاروق حیدر خان نے اس کے برعکس مختصر کابینہ رکھ کر ثابت کردیا کہ انھیں اقتدار نہیں بلکہ عوامی خدمت قابل ترجیح ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب آزاد خطہ ایک ماڈل سٹیٹ بنے گااور مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت سے آزادی حاصل کرینگے۔