پدگامپورہ پلوامہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو سید علی گیلانی کا شاندار خراج عقیدت

پیر 27 مارچ 2017 17:41

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پدگام پورہ پلوامہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنا گرم گرم لہو پیش کرکے ہم پر بہت بڑی ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے شہید رئیس احمد کے جنازے میں شریک ایک لاکھ کے قریب لوگوں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں ان کی نماز جنازہ میں ذاتی طورپر شرکت کرنا چاہتا تھا لیکن ظالم اور جابر حکمرانوں نے مجھے 2010ء سے گھر میں نظربند کر رکھا ہے اور مجھے مذہبی اور سیاسی سرگرمیاں انجام دینے سے روکا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم کو یقین دلاتاہوں کہ اگر ہم یکسو ہو کر یہ عہد کریں کہ بھارت نواز سیاست دانوں کو ووٹ نہیں دینا ہے تو ہماری آزادی کی منزل بہت قریب آئے گی اور ہم بھارتی فوجی تسلط سے آزاد ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے نام نہاد پارلیمانی یا پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ کرنا ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ نمازوں اور جمعہ کے موقع پر لوگوں کو باخبر کریں کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کے بعد ووٹ ڈالناشہداء کے خون سے غداری ہے لہٰذا ہمیں کسی بھی صورت میں ووٹ نہیں ڈالنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ الیکشن لڑنے کے لیے میدان میں آئے ہیں وہ سب ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے ہیں اوران سب بھارت نواز جماعتوں کا ایک ہی مشن یعنی بھارت کے جبری قبضے کو دوام بخشنا ہے۔ حریت چیئرمین نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آنے والے نام نہاد انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرکے دنیا کو یہ پیغام دیں کہ جموں وکشمیر کے عوام بھارت کے ساتھ نہیں بلکہ تحریکِ آزادی کے ساتھ ہیں۔

سید علی گیلانی کی ہدایت پر عبدالحمید ماگرے، ظہور الحق گیلانی اور مولانا مدثر ندوی پر مشتمل حریت رہنمائوں کے ایک وفدنے شہید نوجوانوں شہباز شفیع وانی المعروف رئیس احمد اور فاروق احمد ہرہ المعروف ابوسعاد کے جنازے میں شرکت کی جبکہ تحریک حریت کے رہنما محمد امین آہنگر نے شہید فاروق احمد ہرہ کی نماز جنازہ پڑھائی۔