حکومت زرعی پیداوار میں اضافے اورصنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائے، پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن

منگل 28 مارچ 2017 15:12

فیصل آباد۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن پنجاب و خیبر پختونخواہ زون کے زونل چیئرمین میاں وقار ناصر اور زونل وائس چیئرمین شاہد اکرم گچھا نے کہا ہے کہ ر واں مالی سال کے پہلے 8ماہ یکم جولائی 2016ء سے 28فروری 2017ء تک کے عرصہ میں ملکی تجارتی خسارہ5ارب74کروڑ ڈالرتک بڑھنا تشویشناک ہے اس لئے حکومت زرعی پیداوار میں اضافے، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کی حوصلہ افزائی، پیداواری لاگت میں کمی اور ٹیکسوں و سرچارجزمیں کمی کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائے،میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوںنے بتایاکہ گذشتہ مالی سال کے اسی 8ماہ کے عرصہ میں یہ خسارہ 2ارب48کروڑ ڈالر تھا جبکہ موجودہ مالی سال کے 8ماہ میں 3ارب24کروڑڈالر بڑھ جانے سے 5ارب74کروڑ ڈالر ہوگیا ہے جو تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے میں اضافہ کی سب سے بڑی وجہ ملکی برآمدات میں کمی ہے۔ وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2013-14 ء میں ملکی برآمدات 25ارب ڈالر تھیں جو کہ کم ہوتے ہوئی20ارب ڈالر تک گر چکی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ دوسرے ممالک سے ترسیلات زرمیں کمی بھی ایک اور وجہ ہے جس سے خسارے میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میںاضافے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ حکومت غیر ضروری اشیاء کی درآمدات میں بھی کمی اور سمگل کی جانے والی اشیاء کی روک تھام کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی پیداوار میں اضافے کے علاوہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کی حوصلہ افزائی کرے اور پیداواری لاگت میں کمی کے علاوہ ٹیکسوں اور سرچارجزمیں بھی کمی یقینی بنائی جائے ،انہوںنے کہا کہ ان اقدامات سے زرعی ،صنعتی اور تجارتی سرگرمیاں بڑھنے سے برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی سے ملکی تجاتی خسارہ کم ہو گا جس سے زر مبادلہ کے ذخائر بھی بڑھانے میں مدد مل سکے گی۔

متعلقہ عنوان :