کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام اسلام آباد میں سیمینار ، شہید کشمیری رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کیاگیا

منگل 28 مارچ 2017 19:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں معروف آزادی پسند رہنماء اور انسانی حقوق کے علمبردار شہید ایڈووکیٹ جلیل اندرابی اور شہید اشفاق مجید وانی کو انکی برسیوں پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک سیمینار منعقد کیاگیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس موقع پر شہداء کی جدوجہد آزادی کیلئے خدمات کو اجاگر کیاگیا اور شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

شرکاء نے کہاکہ کشمیریوںنے اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت فوجی طاقت اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے اور بھارت کو چاہیے کہ وہ زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے سازگار ماحول قائم کرے ۔

(جاری ہے)

سیمینار میں ایڈووکیٹ جلیل اندرابی اور اشفاق مجید وانی کے علاوہ تمام کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں کو انسانی ڈھال بنا کر بے گناہ لوگوں کو شہید کرنے کی شدید مذمت کی اور اسے غیر انسانی عمل قراردیا۔ سیمینار میں تحریک آزادی کشمیر کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ تحریک کیلئے اپنی جانیںنچھاور کرنے والے ان عظیم شہداء کی قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی ۔

مقررین نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیںجاری خونریزی اور قتل و غارت رکوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔ سیمینار کے شرکاء میں غلام محمد صفی، تحسین فواد ، صغیر چغتائی ، منظور الحق بٹ ، عبدالحمید لون، محمود احمد ساغر ، مظفر حسین شاہ ، بشیر عثمانی ، امبرین ترک، عابد عباسی ، عبدالمجید ملک ، ذیشان دانش ، عبدالحمید میر ، اعجاز رحمانی اور دیگر نے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :