امریکی کمپنی نے کمبوڈیا میں غریب خواتین کا دودھ مارکیٹ میں فروخت کرناشروع کردی

کمبوڈین وزیراعظم نے ماؤں کا دودھ فروخت کرنے کا نوٹس لے لیا،غریب ضرورمگرماوئوں کا دودھ نہیں بیچیں گے،بیان

بدھ 29 مارچ 2017 12:06

امریکی کمپنی نے کمبوڈیا میں غریب خواتین کا دودھ مارکیٹ میں فروخت کرناشروع ..
نوم پنھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) امریکا کی ایک کاروباری کمپنی نے جنوب مشرقی ایشیائی ملک کمبوڈیا کی بچوں کو دودھ پلانے والی غریب خواتین سے ان کا دودھ خرید کر اسے امریکی مارکیٹ میں فروخت کرنا شروع کیا ہے۔ دوسری جانب کمبوڈیا کی حکومت نے اس انوکھے کاروبار کے منظر عام پر آنے کے بعد اس پر فوری طور پر پابندی لگانے کا حکم دیا ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق امریکا کی ایک کاروباری فرم’امبروزیا لابز‘ نے گذشتہ چند ہفتوں سے کمبوڈیا کی غریب ماؤں سے ان کا دودھ خریدنے کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا۔ یہ کمپنی ماؤں کے دودھ کو فریز کرنے کے بعد اسے فی 147 ملی لیٹر کو 20 ڈالر کیعوض امریکا میں فروخت کررہی تھی۔کمبوڈین وزیراعظم کی طرف سے جاری کردہ ایک مکتوب میں ماؤں کے دودھ کی خریدو فروخت اور اس کی برآمد روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کا حکم دیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ کمبوڈیا ایک غریب ملک ہے اور ہمیں معاشی مسائل کا بھی سامنا ہے مگر ایسا بھی نہیں کہ مائیں اپنا دودھ بیچنے پر مجبور ہوجائیں۔گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کمبوڈین کسٹم حکام نے ماؤں کا دودھ بیرون ملک سے باہر بھیجنے کا عمل حکومتی فیصلے تک ملتوی کردیا تھا۔بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے عالمی ادارے’یونیسیف‘ نے غریب خواتین سے ان کا دودھ خریدنے کو انہیں بلیک میل کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس مکروہ دہندے کی شدید مذمت کی ہے۔

دارہ برائے اطفال کی طرف سے کمبوڈین حکومت کے تازہ فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔’یونیسیف‘ کے مطابق کمبوڈیا میں پیدائشی بچوں کی شرح اموات خطے کے دوسرے ممالک کی نسبت سب سے زیادہ ہے۔ اس کی ایک وجہ نومولود بچوں اور ان کی ماؤں کو مناسب خوراک نہ ملنا بھی ہے۔ کمبوڈیا میں ایک ہزار بچوں میں سے 97 بچے خوراک کی قلت کے باعث وفات پا جاتے ہیں۔کمبوڈیا کے 45 فی صد بچوں پر خوراک کی قلت کے واضح آثار موجود ہیں۔

ان کی نشونما سست پڑ جاتی ہے اور وہ غیرمعمولی جسمانی کمزوری کا شکار رہتے ہیں۔ایم مقامی غیر سرکاری تنظیم ’جنڈ اینڈ ڈویلپمنٹ فار کمبوڈیا‘ کی خاتون ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اگر کوئی خاتون اپنی معاشی مشکلات دور کرنے کے لیے رضاکارانہ طور اپنا دودھ فروخت کرے تو اسے اس کی اجازت ہونی چاہیے۔کمبوڈیا کا شمار ایشیا کے غریب ترین ممالک میں ہوتا ہے جہاں شہریوں کی سالانہ اوسط آمد 1160 ڈالر ہے۔ کمبوڈین شہریوں کی اکثریت خط غربت سے نیچے زندگی بسر کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :