پنجاب سیڈ کارپوریشن کی نجکاری نہ کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں‘صدر انجمن کاشتکاران پنجاب

ادارہ کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے ،سفارشات پیش کرنے کیلئے جلد وزیر زراعت سے ملاقات بھی کرینگے‘ رانا افتخار احمد

بدھ 29 مارچ 2017 14:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) انجمن کاشتکاران پنجاب کے صدر رانا افتخار احمد نے وزیر زراعت نعیم اختر بھابھہ کے پنجاب سیڈ کارپوریشن کی نجکاری نہ کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے حکومت اور زیر زراعت نے کسان دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے ،جو کسانوں کے معیار زندگی کو بلنداور انہیں عزت دے گا وہی کسانوں کا صحیح معنوں میں لیڈر ہے۔

گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا افتخار نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کسانوں کا بااعتماد ادارہ ہے اور حکومت پر بوجھ نہیں،یہ واحد ادارہ ہے جو ٹیکس بھی دیتا ہے اور منافع بخش بھی ہے،سب سے اہم بات جو قابل ذکر ہے کہ 40فیصد سٹاف کی کمی اور پرانی گاڑیوں کے باوجودہیڈ کوارٹر و فیلڈ کے آفیسرزاور ورکرز نہایت محنت اور لگن سے کام کرکے کاشتکاروں کی بے پناہ خدمت کررہے ہیں اور ادارے کو چلا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب سیڈ کارپوریشن کی نجکاری کے بارے میں سوچنا بھی کسانوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر زراعت اور سیکرٹری زراعت سے اپیل کی ہے کہ اس ادارہ کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے جس کیلئے انجمن کاشتکاران پنجاب نے ایک سپیشل بورڈ تشکیل دیا ہے جو پنجاب سیڈ کارپوریشن کومزید فعال بنانے کیلئے اپنی سفارشات مرتب کرے گااور اس ضمن میں کاشتکاروں کے ہمراہ جلد وزیر زراعت سے ملاقات بھی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :