پاکستان بحرین کو اپنا قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار سمجھتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مشترکہ تاریخ ‘ ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں سے عبارت ہیں، وزیراعظم محمد نوازشریف کی بحرین کے وزیر برائے صنعت، تجارت و سیاحت زید آر الزیانی سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 29 مارچ 2017 14:57

پاکستان بحرین کو اپنا قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار سمجھتا ہے ، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کو اپنا قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مشترکہ تاریخ ‘ ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں سے عبارت ہیں۔ انہوں نے یہ بات بحرین کے وزیر برائے صنعت تجارت و سیاحت زید آر الزیانی سے بدھ کو وزیراعظم آفس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

بحرین کا وفد شیخ حمد بن سلمان الخلیفہ بدر فرید ‘ عبدالرحمن عیسیٰ السعد ‘ سید ہشان الوائی سلمان الساکن اور بحرین کے دیگر حکام پر مشتمل تھا۔وزیراعظم نے دوسری پاک بحرین کاروباری مواقع کانفرنس میں بحرین کی فعال شرکت کو سراہتے ہوئے بحرینی وفد کو پاکستان کے تجارتی اور سیاحتی شعبوں میں سرمایہ کاری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی میدان میں تعاون سے برادرارنہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ بحرین میں پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان انسانی پل کا کردار ادا کرتی ہے اور دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔وزیراعظم نے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔بحرین کے وزیر تجارت نے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی طرف سے وزیراعظم کے لئے نیک تمنائیں پہنچاتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو وسعت دینے کے خصوصی مینڈیٹ کے ساتھ آئے ہیں انہوں نے پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے جاوید ملک کے کردار کو سراہتے ہوئے اقتصادی سفارتکاری کے بارے میں ان کے مثبت کردار کی تعریف کی ۔

ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ‘ وزیر تجارت خرم دستگیر خان ‘ بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک اور سینئر حکام موجود تھے۔