وفاقی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالی اور گڈ گورننس یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم معائنہ کمیشن نے جامع حکمت عملی وضع کرلی

چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن محمد پرویز راٹھور کی ’’اے پی پی ‘‘ سے بات چیت

جمعرات 30 مارچ 2017 17:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایت پر وفاقی محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے ‘ عوامی شکایات کے ازالی اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لئے وزیراعظم معائنہ کمیشن نے جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔ جس کے تحت وفاقی محکموں سے متعلق زیر التواء تمام انکوائریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ یہ بات کمشن کے چیئرمین محمد پرویز راٹھور نے ’’اے پی پی ‘‘ سے خصوصی بات چیت کے دوران کی۔

چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن نے بتایا کہ جنوری میں اس ادارے کی سربراہی سنبھالنے کے بعد انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے وفاقی حکومت کے زیر انتظام تمام محکموں میں شفافیت ، مستعدی اور دیانتداری کا کلچر فروغ دینے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

بالخصوص وہ محکمے جن کا تعلق مفاد عامہ سے ہے ان کی کارکردگی کو موثر بنانے اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے ان اداروں میں خصوصی اصلاحات کی سفارشات مرتب کی جارہی ہیں۔

اس طرح ماضی میں مختلف اہم سرکاری محکموں میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا معاملہ بھی خصوصی توجہ کا حامل ہے اس ضمن میں وزیراعظم معائنہ کمشن ایسے تمام امور کی از سر نو چھان بین شروع کررہا ہے جو عرصہ دراز سے التواء کا شکار چلے آرہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں پرویز راٹھور نے بتایا کہ کمشن کو مزید فعال بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں کمشن کے ارکان کی تقرری کو فوقیت دی جارہی ہے تاکہ کمشن بھرپور انداز میں کام کرسکے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت برسراقتدار آنے کے بعد ملک سے کرپشن اور بدانتظامی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کا وژن بھی یہی ہے کہ تمام سرکاری محکموں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شفافیت کو بھی یقینی بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں ذمہ داری اور جوابدہی کے کلچر کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے اور کمشن اس حوالے سے بھی حکمت عملی وضع کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :