حکومت آزاد کشمیر سیاحت کی ترقی کیلئے وسیع اقدامات کررہی ہے، منصور قادر ڈار

میرپور منگلاڈیم ہونے کے باعث یہاں سیاحت کے وسیع مواقع ہیں، سیاحت کے فروغ کیلئے میرپورکوبین الاقوامی مرکز بنائیں گے، سیکرٹری اطلاعات آزاد کشمیر

جمعرات 30 مارچ 2017 17:51

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء)آزادکشمیرکے سیکرٹری اطلاعات، سیاحت وآئی ٹی منصور قادرڈارنے جاتلاں اور لہڑی کے مقام پر محکمہ سیاحت کے زیرتکمیل پراجیکٹس کامعائنہ کیا۔ انھوں نے معائنہ کے دوران کنٹریکٹرکو ہدایت کی کہ وہ جاتلاں روڈسائیڈ ٹک شاپ کو 28 اپریل تک مکمل کرکے محکمہ کے حوالہ کریں جبکہ لہڑی ٹک شاپ میں بعض غیرمعیاری اشیاء کی فوری تبدیلی کی ہدایات دیں۔

لہڑی ٹک شاپ کا افتتاح آئندہ چند روز میں کردیاجائے گا جس کے بعد سیاح ٹک شاپ اور واش رومز کی سہولت سے استعفادہ حاصل کرسکیں گے۔آزادکشمیرکی تمام مین شاہرائوں پربھی اس طرح کی سہولیات مہیاکی کریں گے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت قمرایوب، ایس ڈی او بلڈنگ چوہدری محمدثاقب، انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اطلاعات وسیاحت منصور قادر ڈار نے دونوں منصوبہ جات کو فوری طورپرمکمل کرکے محکمہ کے حوالے کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر سیاحت کی ترقی کے لیے وسیع اقدامات کررہی ہے۔

میرپور منگلاڈیم ہونے کے باعث یہاں سیاحت کے وسیع مواقع ہیں۔ منگلاڈیم کے کنارے سیاحت کے فروغ کے لیے میرپورکوبین الاقوامی مرکز بنائیں گے تاکہ اوورسیز کشمیری یہاں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ انھوں نے کہاکہ میرپور منگلاڈیم کی وجہ سے بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ کامرکز ہے۔ آزادکشمیرمیںسیاحت کی ترقی سے معاشی واقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور اس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرکی تمام بڑی شاہرات کے کنارے سیاحوں کی سہولیات کے لیے ٹک شاپ ، واش رومزسمیت دیگرسہولیات فراہم کی جارہی ہیںجبکہ سیاحوں کو علاقے کے متعلق ضروری معلومات کے لیے انفارمیشن سنٹربھی قائم کیے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اس وقت سیاحت صنعت کادرجہ اختیار کرگئی ہے۔ آزادکشمیرمیں سیاحت کے فروغ کے وسیع پوٹینشل ہے۔

محکمہ سیاحت نے تین روزہ ایڈوانچرگالہ منعقد کرکے سیاحوں کوآزادکشمیرکی طرف راغب کرنے کے لیے نہایت ہی اہم اقدام اٹھایا جس سے پاکستان سمیت بین الاقوامی دنیا آزادکشمیرکے لیے دلچسپیاں بڑھارہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرقدرتی لحاظ سے دلفریب ، دلکش اور خوبصورت ترین علاقہ ہے۔ آزادکشمیرکاقدرتی حسن سیاحت کو اپنی طرف کھینچ رہاہے۔ حکومت سیاحت کی ترقی کے لیے میگاپراجیکٹس بنارہی ہے۔ انشاء اللہ جون 2017 کے بعد آزادکشمیربھرمیں سیاحت کی ترقی کے لیے کئی میگاپراجیکٹس شروع ہونگے۔