مقبوضہ کشمیر کے انتخابات میں کسی بھی قسم کی شرکت شہداء کے خون کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے ، یاسین ملک

جمعہ 31 مارچ 2017 20:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں رچائے جانے والے انتخابی ڈراموں کو کشمیریوں کے مفادات پر کاری ضرب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان انتخابات میں کسی بھی قسم کی شرکت شہداء کے خون کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔تفصیلات کے مطابق محمد یاسین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں 9اور12اپریل کو ہونے والے بھارتی پارلیمنٹ کے نام نہاد ضمنی انتخابات کا مکمل اور ہمہ گیر بائیکاٹ کر کے شہداء کے تئیں اپنی عقیدت کا بھرپور اظہار کریں۔

انہوں نے شہید اشفاق مجید وانی اور شہید شبیر احمد صدیقی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہشفاق مجید وانی ؒوہ عظیم سالار تھے جنہو ں نے سر زمین کشمیر کی تاریک راہوں کو اپنے لہو سے روشن کر نے کی جستجو کی اورایک نئی تاریخ رقم کی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اشفاق مجید ایک دلیر،نڈر،دیندار ، باطل کے خلاف مزاحمت کی علامت اور جرأت وشجاعت کا عنوان تھے اورکشمیری اپنے اس عظیم قائد کی جدوجہد اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔

محمدیاسین ملک نے شہید شبیر احمد صدیقی کشمیر کے ایک عظیم سپوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اعلیٰ پائے کے عالم دین اور مبلغ تھے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ آزادی کیلئے جدوجہد کے ساتھ ساتھ شہید شبیر احمد صدیقی کی علمی، دینی اور سماجی خدمات بھی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔یاد رہے کہ اشفاق مجید وانی کو بھارتی فوجیوں نے 30مارچ 1990کو سرینگر کے علاقے حول میں ایک جھڑپ جبکہ شہید شبیر احمد صدیقی کو 30مارچ 1996کو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ حضرت بل سرینگر میں شہید کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :