بھارتی فورسز کے ہاتھوں چار کشمیریوںکی شہادت سے بھارت اور مقامی کٹھ پتلیوں کی کشمیر دشمنی ثابت ہوگئی ہے، میر واعظ عمر فاروق

جمعہ 31 مارچ 2017 20:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ چاڈورہ بڈگام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں چار کشمیریوںکی شہادت سے بھارت اور اسکی مقامی کٹھ پتلیوں کی کشمیر دشمنی ثابت ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق فورم کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ میر واعظ عمر فاروق جو مسلسل گھر میں نظربند ہیںکی ہدایت پر ایک وفد جس میں ایڈوکیٹ شیخ یاسر دلال ، پیر غلام نبی، ایڈوکیٹ شوکت شکیل، محمد صدیق ہزار اور محمد احسن کٹہری شامل تھے نے چاڈورہ جاکر شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر میر واعظ عمر فاروق نے ٹیلی فون پر سوگوار خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکی ڈھارس بندھائی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پوری کشمیری قوم اور حریت قیادت ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوںنے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول اور بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر رہی ہے جو ہر لحاظ سے قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ظلم وتشدد کے ذریعے کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانا ممکن نہیں اور بھارت اور اسکی کٹھ پتلیوں کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ ان کی ظلم وجبر پر مبنی پالیسیوں کا ردعمل عوامی مزاحمت کی صورت میں ظاہر ہوتا رہے گا۔حریت چیئرمین نے واضح کیاکہ بھارت نواز سیاست دان اپنے آقائوںکے احکامات کی تعمیل کیلئے نہتے کشمیری عوام کے قتل عام سے بھی گریزاں نہیں ہیں۔