بلاول بھٹو زرداری کی اے پی این ایس کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد

اے پی این ایس پر صحتمند صحافت و متوازن رپورٹنگ کو پروان چڑھانے و حوصلہ افزائی کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،چیئرمین پیپلز پارٹی

جمعہ 31 مارچ 2017 23:45

بلاول بھٹو زرداری کی اے پی این ایس کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ میڈیا لٹریسی کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

اے پی این ایس نے سال 2017-2018 کے لئے سرمد علی کو تنظیم کے صدر ، قاضی اسد عابد کو سینئر نائب صدر، مہتاب خان نائب صدر، عمر مجیب شامی جنرل سیکریٹری، ایس ایم منیر جیلانی جوائنٹ سیکریٹری اور وسیم احمد کو بطور خزانچی منتخب کیا ہے۔

اپنے تہینتی پیغام میں پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین نے مزید کہا کہ ملکی اخبارات کے مالکان کی تنظیم کی حیثیت سے اے پی این ایس پر صحت مند صحافت و متوازن رپورٹنگ کو پروان چڑھانے و حوصلہ افزائی کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی پارٹی نو منتخب عہدیداران کے ساتھ اخبارات کے مسائل کے حل اور آزادی صحافت و آزادی اظہار رائے کو قائم رکھنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔