مجاھد بریلوی پاکستان کا اثاثہ ہیں، گورنر سندھ

صحافت میں ان کی خدمات بے مثال ہیں، پریس کلب میں مجاہد بریلوی کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

جمعہ 31 مارچ 2017 23:49

مجاھد بریلوی پاکستان کا اثاثہ ہیں، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کتاب ہماری بہترین دوست ، رہنمااور معلم بھی ہوتی ہے کتاب سے ہی ہمیں دنیا بھر کی معلومات حاصل ہو تی ہیں ،معروف تجزیہ کار، اینکر پرسن اور سینئر صحافی مجاہد بریلوی نے اپنی کتاب ’’فسانہ رقم کریں‘‘ میں جامع تحریر سے ماضی کے دریچوں میں جاکر اپنی یادوں کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ اجاگر کیا اس قبل بھی ان کی کتاب’’ طور خم سے آگے‘‘ افغانستان سے متعلق ایک جامع تصنیف ہے ۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے کراچی پریس کلب میں کلب کی ادبی کمیٹی کے زیر اہتمام ’’ فسانہ رقم کریں ‘‘ کی رونمائی کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر، جماعت اسلامی کے رہنما محمد حسین محنتی ، سردار رحیم اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ مجاھد بریلوی پاکستان کا اثاثہ ہیں ، ان کی شخصیت جونیئرز کے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے عملی صحافت کو عروج بخشا ہے۔ انہوں نے کہ صحافتی آزادی مجاھد بریلوی اور ان جیسے دیگر مجاھد صحافیوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی ذمے داری بہت حساس نوعیت کی ہوتی ہے کیونکہ ان کی رائے عوامی رائے عامہ پر اثر انداز ہوتی ہے۔ میڈیا تنقید ضرور کرے لیکن عوامی فلاح و بہبود کے مثبت کاموں کو بھی اجاگر کرے۔گورنر سندھ نے کہا کہ مجاہد بریلوی نے اپنی نئی کتاب میں اپنے ماضی کی یادوں کو بڑی خوبصورتی سے پیش کیا ہے دوران صحافت ان کی شہید بینظیر بھٹو ، حبیب جالب ، بشیر مرزا اور منہاج برنا سمیت دیگر معروف شخصیات کے ساتھ گذارے انمول لمحوں کو تحریر کیا گیا جس کو پڑھنے سے سیر حاصل معلومات کے ساتھ ساتھ شخصیات کے وژن سے آشناہی حاصل ہوئی تاریخ کے طالب علم کے لئے یہ معلومات نادر وقیمتی اور انمول خزانہ سے کم نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے جب بھی موقع ملتا ہے میں کتابوں کا مطالعہ ضرور کر تا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کے اس دور میں ہماری نوجوان نسل مطالعہ سے دور ہو تی جارہی ہے جس سے نوجوان اپنی تاریخ سے کافی حد تک نا آشنا ہیں ہمیں اس جانب سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی نوجوانوں کو مطالعہ کی طرف راغب کرنا ہوگا۔ گورنر سندھ نے مجاہد بریلوی کو شاندار کتاب تحریر کرنے پر مبارک باد بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مجاہد بریلو ی مستقبل میں بھی تاریخ کے گم شدہ واقعات کو آئندہ نسل کے لئے کتابی شکل میں محفوظ کرینگے۔

متعلقہ عنوان :