ناروے کے سابق وزیر اعظم مسٹر کجیل مانگے بونڈ ویک کا دورہ مظفرآباد

دورے کے دورا ن صدر آزادکشمیرسردار مسعود خان اور وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خا ن سے ملاقاتیں ناروے کے سابق وزیر اعظم کو بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بریفنگ دی گئی

ہفتہ 1 اپریل 2017 00:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2017ء) ناروے کے سابق وزیر اعظم مسٹر کجیل مانگے بونڈ ویک نے مظفرآبادآزاد کشمیر کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے صدر آزادجموںوکشمیرسردار مسعود خان اور وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خا ن سے ملاقاتیں کیں ۔ آزاد جموں کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس دوران انہیں بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بریفنگ دی گئی ناروے کے سابق وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت اور ظلم و ستم کی وجہ سے یہاں کی مقامی آبادی گذشتہ ستر سالوں سے شدید مشکلات کا شکار ہے ۔

کشمیری سیاسی قیادت کی طرف سے ناروے کے سابق وزیر اعظم کو مزید بتایا گیا کہ مقبوضہ وادی میں سات لاکھ سے زائد بھارتی فوج آزادی کا جائز حق مانگنے والے 95ہزار کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے جو انکا پیدائشی حق ہے جبکہ وادی میں دس ہزار خواتین کو بھارتی فوجی درندوں کی طرف سے عصمت دری کا نشانہ بھی بنایا جا چکا ہے انہیں بتایا گیا کہ مقبوضہ وادی میں چھ ہزار ایسی گمنام قبریں بھی دریافت ہوئی ہیں جنہیں بھارتی فوج کی طرف سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا یا انہیں جعلی مقابلوں میں مار دیا گیا اس دوران ناروے کے سابق وزیر اعظم کو برہان وانی کی شہادت کے بعد بھارتی فوج کی طرف سے ظلم و بربریت میں آئے روز ہونے والی تیزی سے بھی آگاہ کیا گیا انہیں بتایا گیا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد بھارتی بربریت سے جہاں سینکڑوں کشمیری نوجوان زخمی ہوئے وہاں ان نوجوانوں کی آنکھوں میں بھی گولیاں برسائی گئیں جن میں کئی ایک بینائی سے محروم ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

صدر سردار مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اس موقع پر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم رکوانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے ناروے کے سابق وزیر اعظم کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری سے ہونے والے نقصانات اور یہاں کی مقامی آبادی کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا ۔بعد ازاں ناروے کے سابق وزیر اعظم نے آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں مہاجرین کے کیمپوں کا بھی دورہ کیا اس دوران مہاجرین کی طرف سے انہیں ہجرت کی وجوہات سے آگاہ کیا گیامہاجرین کے کیمپوں کے دورے کے بعد ناروے کے سابق وزیر اعظم مسٹر کجیل مانگے بونڈویک نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیاے کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل کشمیری عوام کی اُمنگوں اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق سیاسی حل نکالا جائے ناروے کے سابق وزیر اعظم کو اس دورے کی دعوت آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے دی تھی۔