حکومت پنجاب بصارت سے محروم طلباوطالبات کو معاشرے کا مفید رکن بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ وہ تعلیم سے آراستہ ہوکر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کارضیہ سلطانہ سکول برائے نابیناطلبہ و طالبات کی سالانہ تقریب سے خطاب

ہفتہ 1 اپریل 2017 16:32

حکومت پنجاب بصارت سے محروم طلباوطالبات کو معاشرے کا مفید رکن بنانے ..
اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 اپریل2017ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب بصارت سے محروم طلباوطالبات کو معاشرے کا مفید رکن بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ وہ تعلیم سے آراستہ ہوکر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوںنے یہ بات رضیہ سلطانہ سکول برائے نابیناطلبہ و طالبات اٹک میں سالانہ یوم تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ممبر صوبائی اسمبلی شاویز خان، ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات ،سکول پرنسپل میڈم سلمیٰ خاتون کے علاوہ شہری ، سماجی اور سیاسی تنظیموں کے نمائیندہ افراد اور طلباوطالبات کے والدین بھی اس موقع پر موجود تھیں۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں جسمانی معذوری کا شکار طلبہ و طالبات کو تعلیم کی فراہمی کے لیے شاندار اقدامات کیے ہیں ۔

(جاری ہے)

صوبہ بھر کے اضلاع اور تحصیل سطح نابینا، سماعت سے محروم ، اور جسمانی معذوری کا شکار طلبہ کے لیے علیحدہ تعلیمی اداروں کا قیا م پنجاب حکومت کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوںنے کہا کہ ان اداروں کی بہترین کارکردگی کی بدولت کسی بھی معذوری کا شکار ان طلبہ و طالبات نے تعلیمی میدان میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ثابت کردیا ہے کہ وہ عام انسانوں سے کسی بھی طور پر کم نہیں۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بیشتر اداروںمیں جسمانی معذوری کا شکار افراد اپنے فرائض انتہائی خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہے ہیں ۔بصارت سے محروم بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے بہترین سہولیات پر مشتمل ادارے قائم ہیں جہاں تربیت یافتہ اساتذہ ان کو تعلیم فراہم کررہے ہیں تاکہ وہ عملی زندگی میں اپنا کردار انتہائی خوش اسلوبی سے ادا کرسکیں۔

انہوںنے کہا کہ جسمانی معذوری کا شکار کسی بھی بچے کو چند پیسے دے کر ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو تلف کرنے کی بجائے ان کی بہتر انداز سے تربیت کرکے اسے معاشرے کا کارآمد رکن بنانا، معاشرے کی اصل خدمت ہے ۔ انہوںنے والدین پر ذور دیا کہ وہ اپنے دیگر بچوں کی طرح ان بچوں کی تعلیم و تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ عملی زندگی میں وہ ایک کامیاب انسان ثابت ہوسکیں۔اس موقع پر سکول کے طلباء نے ٹیلبوز، خاکے اور ملی نغمے بھی پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ تقریب کے اختتام پر بچوں میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔