باورچی کی ملازمت کرنے کے باعث مزاح کا نشانہ بننے والےسعودی نوجوان نے ردعمل ظاہر کردیا

ہفتہ 1 اپریل 2017 17:58

باورچی کی ملازمت کرنے کے باعث مزاح کا نشانہ بننے والےسعودی نوجوان نے ..
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 1اپریل2017ء):۔ کچھ روزقبل سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی ، جس میں ایک سعودی لڑکا بیکری کے اندر کھڑا آٹاگوندھ رہا تھا اور بریڈ بنا رہا تھا۔سعودی گزٹ کی تفصیلات کے مطابق اس ویڈیوکے آتے ہی لوگوں نے اسے مزاح کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ لوگو ں نے اسے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سعودی قومیت کے حامل شخص کو یہ معمولی نوکری زیب نہیں دیتی ۔

(جاری ہے)

تاہم اس سعودی نوجوان ناصر المیذال نے ان سب کی باتوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ”یہ نوکری اس کے لئے باعث شرم نہیں ہے ۔ باعث شرم گھر رہ کر دوسروں پر انحصار کرنا ہے۔میرے کئی دوست ہیں جو مجھے اس کام کے لئے حوصلہ افزائی کررہے ہیں ۔کئی لوگ کہتے ہیں کہ میں سعودی قومیت کا حامل ہوں اور مجھے یہ نوکری نہیں کرنی چاہیے ۔ تاہم میں اس نظریے کو نہیں مانتا ، روزی کمانے کےلئے ملازمت کی نوعیت نہیں دیکھنی چاہیے ۔ میں یہ کام آئندہ آنے والے دنوں میں بھی جاری رکھوں گا‘‘