وزیراعظم کی قیادت میں 4 برس کے دوران شفافیت اور ترقی کے نئے مینار قائم کئے ہیں‘ تیز رفتار اور شفاف منصوبوں کی مثال 70 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی،پاکستان بدل رہا ہے ، بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی‘ شکست خوردہ عناصر کو ملک و قوم کے مفاد کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں‘ صرف خدمت کی سیاست ہوگی‘ دور آمریت میںپنجاب کے سابق حکمرانوں نے کرپشن کے سومنات بنائے اور وسائل کی لوٹ مار کرکے عوامی مسائل میں مزید اضافہ کیا‘بے بنیادالزامات لگانیوالے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، دھرنوں اور لاک ڈاؤن سے عام آدمی کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالی گئی

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی مسلم لیگ (ن) کے وفد سے بات چیت

ہفتہ 1 اپریل 2017 22:21

وزیراعظم کی قیادت میں 4 برس کے دوران شفافیت اور ترقی کے نئے مینار قائم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ 2017 عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے۔بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عوام نے ہر موقع پر رد کیا ہے۔ملک میں الزام تراشی کی نہیں، صرف خدمت کی سیاست ہوگی۔ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور جب تک سانس میں سانس ہے، عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو یہاں مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اوراسے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں اور تیز رفتاری سے ترقی کرتا ہوا پاکستان بعض سیاسی عناصر کو کھٹک رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں 4 برس کے دوران شفافیت اور ترقی کے نئے مینار قائم کئے گئے ہیں اور70 برس کے دوران منصوبوں پر اتنی تیز رفتاری سے کام کرنے کی مثال نہیں ملتی۔پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی۔ شکست خوردہ عناصر کو ملک و قوم کے مفاد کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دور آمریت میںپنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے سومنات بنائے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے قومی وسائل کی لوٹ مار کرکے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ بے بنیادالزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ ان لوگوں نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے عام آدمی کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالی اور اب ان عناصر کو خوف ہے کہ شفاف ترین منصوبے مکمل ہونے سے ان کی رہی سہی سیاست بھی دفن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت اور خدمت کی سیاست نے ہمیشہ بہتان طرازی اور منفی سیاست کو شکست دی ہے اور باشعور عوام ترقی و خوشحالی کی مخالفت کی سیاست کرنے والوں کو 2018 کے عام انتخابات میں بری طرح شکست دیں گے اور یہ عناصر پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں بے لوث عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔