مقبوضہ کشمیر، نریندر مودی کے دورے کے خلاف مکمل ہڑتال، آزادی پسند قیادت مسلسل نظر بند

اتوار 2 اپریل 2017 18:40

سرینگر ۔ 02 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے خلاف اتوار کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل متحدہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی ۔ سرینگر اور دیگر تمام بڑے قصبوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔

(جاری ہے)

نریندر مودی جموں خطے کے علاقے ادھمپور میں چنانی ناشری سرنگ کے افتتاح کیلئے مقبوضہ کشمیر کے دورے پر آئے تھے۔ اس موقع پر سخت سیکورٹی اقدامات کیے گئے تھے ۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے احتجاج مظاہرے روکنے کیلئے سرینگر اور دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے تھے۔ نریندر مودی کی آمد کے موقع پر سرینگر جموں شاہرہ پر ٹریفک کی آمد ورفت بھی شام چھ بجے کو معطل کر دی گئی تھی۔ دریں اثنا قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ فارق، محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنمائوں کو مسلسل گھروں، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند رکھا ۔