کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت

پیر 3 اپریل 2017 15:26

کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2017ء)محکمہ زراعت نے کپاس کی کاشت پر عائد پابندی فوری ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے اور کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ قبل ازیں کپاس کے فصل دشمن کیڑوں سے بچائو کیلئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت 15اپریل سے قبل صوبہ بھر میں کپاس کی کاشت پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم اب صورتحال بہتر ہونے پر یہ پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ محکمہ زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کیلئے مفت سروس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس میں دوست کیڑوں کی فراہمی ،پیسٹ سکائوٹنگ کی سہولت ،پی بی روپس،دشمن کیڑوں کو پکڑنے کیلئے جنسی پھندے، کاشتکاروں کیلئے تربیت اور مشاورت شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کاشتکار کپاس کی کاشت کیلئے تصدیق شدہ زہر آلود بیج استعمال کریں۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت کیلئے منظور شدہ بیج مفت مہیا کئے جا رہے ہیں نیز جڑی بوٹیوں کے تدارک کیلئے کاشتکار کپاس کی بجائی کے وقت جڑی بوٹی مار ادویات استعمال کریں ۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کی کاشت یقینی بنائیں کیونکہ کپاس کی زیادہ پیداوار حاصل کرکے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو کپاس کی فصل سے گلابی سنڈی کے خاتمہ کیلئے پی بی روپس مہیا کئے جا رہے ہیں جبکہ اس کے علاوہ کاشتکاروں کو کپاس کی بہتر پیداوار کیلئے سپرے مشینیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو گزشتہ سال کی طرح کپاس کی پیداوار کی بہتر قیمت دلوانے کیلئے اقدامات جاری ہیں ۔علاوہ ازیں آلائشوں سے پاک کپاس کی پیداوار حاصل کرنے کیلئے کاشتکاروں کو مفت تربیت کی فراہمی کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔