Live Updates

عمران خان خود کو احتساب کے لئے پیش کریں‘ عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں ‘ الیکشن کمیشن میں ان کی اپنی پارٹی کے ارکان کی طرف سے یہ کیس دائر کیا گیا‘ عمران خان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے سے کترا رہے ہیں اور حکومت پر دبائو ڈال رہے ہیں کہ وہ خود کو عدالتوں کے سامنے احتساب کے لئے پیش کرے

وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی پاکستان ٹیلی ویژن سے گفتگو

پیر 3 اپریل 2017 23:38

عمران خان خود کو احتساب کے لئے پیش کریں‘ عمران خان کے خلاف غیر ملکی ..
اسلام آباد ۔ 03 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان خود کو احتساب کے لئے پیش کریں۔ پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں بلکہ یہ کیس الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ان کی اپنی پارٹی کے ارکان کی طرف سے دائر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جان بوجھ کر کسی نہ کسی وجہ سے اس کیس کو تاخیر کا شکار کیا جس کی وجہ سے یہ کیس طویل عرصے سے التواء میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک طرف الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے سے کترا رہے ہیں اور دوسری طرف وہ حکومت پر دبائو ڈال رہے ہیں کہ وہ خود کو عدالتوں کے سامنے احتساب کے لئے پیش کرے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت نے کبھی بھی عدالتوں کی حدود کو چیلنج نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کوئی ٹرائل کورٹ نہیں ہے لیکن پھر بھی وزیراعظم محمد نواز شریف نے کوئی استثنیٰ لئے بغیر خود کو احتساب کے لئے عدالت کے سامنے پیش کیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے سربراہ سے صرف یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ خود کو عدالتوں کے سامنے احتساب کے لئے پیش کریں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ریاستی اداروں سے متعلق تحریک انصاف کا رویہ ہمیشہ منفی رہا ہے۔

یہ پارٹی دعویٰ کر رہی ہے کہ اس نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کو تفصیلات جمع کرادی ہیں اور دوسری طرف یہ جماعت الیکشن کمیشن کی اتھارٹی بھی تسلیم نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے نکتہ نظر میں تضاد ہے۔ جب کوئی فیصلہ ان کے حق میں آتا ہے تو وہ اس کی تعریف کرتے ہیں اور جب کوئی فیصلہ خلاف آئے تو وہ رونا شروع کردیتے ہیں اور اسے جانبدارانہ قرار دیتے ہیں۔ پی ٹی وی کے پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو غیر ملکی فنڈنگ کیس میں اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔ تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے عمران خان کو چینلج کیا کہ وہ کسی بھی فورم پر ان سے اس معاملے پر مباحثہ کرلیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات