محکمہ خوراک کے گندم خریداری مراکز اتوار کو بھی کھلے رکھنے کا فیصلہ

منگل 4 اپریل 2017 15:18

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2017ء)محکمہ خوراک کے گندم کے خریداری مراکز مہم کے دوران ہفتہ وار تعطیل کے باوجود اتوار کو بھی کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں حکومت کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق گندم کی باضابطہ سرکاری نرخوں پر خرید کا آغاز کیا جائے گا اور اس مہم کے دوران روزانہ صبح 8سے شام 5بجے تک بغیر وقفہ کے گندم کی خریداری جاری رکھی جائیگی۔

(جاری ہے)

محکمہ خوراک فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ گندم کی خریداری مہم کے دوران گندم کی براہ راست خرید کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مڈل مین کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائیگی ۔ انہوںنے کہاکہ گند م کی خریداری کے شفاف انعقاد کو ممکن بنانے کی غرض سے ضلعی ، تحصیل اورخریداری مراکز کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ہر ویٹ پروکیورمنٹ سنٹر پر شکایات سیل بھی قائم کیاجارہاہے ۔انہوںنے بتایاکہ صوبائی سطح پر بھی ایک ٹال فری نمبر نصب کیاجارہاہے جس کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے گی تاکہ کاشتکار یا کسان کسی بھی شکایت کے سلسلہ میں ان سے فوری طور پر رابطہ کر سکیں۔