کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا، محکمہ زراعت

منگل 4 اپریل 2017 15:18

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2017ء) محکمہ زراعت نے کپاس کا زیر کاشت رقبہ بڑھانے اورکپاس کے بیج کے بہترین اگاؤ کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور عالمی رجحانات سے استفادہ کا اعلان کیاہے جبکہ اس سلسلہ میں کاشتکاروں کو بھی مکمل آگاہی فراہم کی جائیگی ۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت پنجاب گندم ، کپاس، چاول ، کماد سمیت دیگر نقد آور فصلوں کی بہترین پیداوار کے حصول کیلئے انقلابی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال پنجاب میں نامساعد حالات کے باوجود کپاس کی اوسط پیداوار ہمسایہ ملک بھارت سے کافی حد تک بہتر رہی ہے جبکہ آئندہ فصل کیلئے ابھی سے بھر پور تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور کاشتہ فصل گندم کی خریداری آخری دانے تک جاری رکھنے کی پالیسی کی بھی توثیق کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بعض وجوہات اور متعلقہ وفاقی اداروں کے عدم تعاون کے باعث زرعی مداخل کے نرخوں کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے زرعی اجناس کے مقرر کردہ پیداواری اہداف حاصل نہیں ہورہے ہیں جبکہ کھادوں کی عدم دستیابی اور نرخوں کا بحران بھی منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کپاس کا زیر کاشت رقبہ بڑھانے کیلئے تھل کے علاقوں میں کپاس کی کاشت پر آبپاشی کے جدید نظام کیلئے فی ایکڑ سبسڈی دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جعلی کھاد کی تیاری ، پیکنگ، فروخت کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جعلی کھاد کی تیاری و فروخت روکنے کیلئے بھر پور اقدامات کریں ۔

متعلقہ عنوان :