انتخابی ڈھونگ کے بائیکاٹ کیلئے مشترکہ قیادت نے احتجاجی پروگرام جاری کردیا

نام نہاد انتخابات کشمیری عوام کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے ،لوگ پولنگ کے دنوں میں گزشتہ سال کے انتفادہ کی طرح مظاہرے کریں، مشترکہ بیان

منگل 4 اپریل 2017 18:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2017ء)مقبوضہ کشمیرمیں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے مقبوضہ علاقے میں بھارت کے پارلیمانی انتخابی ڈھونگ کے بائیکاٹ کیلئے جمعہ سے آئندہ بدھ تک کیلئے احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوںنے آج سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ آئندہ جمعہ کو یوم تجدید عہد کے طورپر منایا جائیگا جبکہ نماز جمعہ کے بعد مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے جاری قراردادوں کی تائید حاصل کی جائیگی ۔

ہفتہ کی شام سے تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہیں گے اور احتجاجی ریلیاں نکالی جائیںگی۔ بیان میں کہاگیا کہ نو اور بارہ اپریل کو وسطی اور جنوبی کشمیرمیں بھارتی انتخابات کے بائیکاٹ کیلئے مکمل ہڑتال کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

حریت قیادت نے لوگوں سے کہاکہ وہ ان دنوںمیں گزشتہ سال کے انتفادہ کی طرح بھرپوراحتجاجی مظاہرے کرکے دنیا کو پیغام دیں کہ نام نہاد انتخابات کشمیری عوام کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے ۔

کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمرودہ حبیب، جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں نور محمد کلوال ، ظہور احمد بٹ اور حریت رہنماء شبیر احمدڈار اور دیگر نے سرینگر ، اسلام آباد ، شوپیاں اور کولگام کے اضلاع میں انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم جاری رکھی۔ادھر بھارتی پولیس نے بڈگام میںلبریشن فرنٹ کے ضلعی صدر گلزار احمد پہلوان کے گھر پر چھاپہ مارکر اہلخانہ کو ہراساں کیا ۔

پولیس نے لوگوں کو الیکشن بائیکاٹ مہم چلانے کے الزام میں سماجی رابطے کی ویب سائیٹوں کے صارفین کے خلاف کریک ڈائون بھی شر وع کردیا ۔ تحریک حریت جموںوکشمیر نے ایک بیان میں اپنے کارکنوں پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔دریں اثناء چند ماہ قبل بھارتی فورسز کے تشدد سے شدید زخمی ہونے والا معذور نوجوان مشتاق کندو سرینگر کے صورہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔زخمی مشتاق کا سرینگر کے تین مختلف ہسپتالوں میں علاج کرایاگیا تاہم وہ جانبز نہ ہو سکے ۔جامع مسجد سوپور کے قریب بھارتی فورسز کی طرف سے فائرکیاگیا ان پھٹا آنسو گیس کا ایک شیل پھٹنے سے چار بچے شدید زخمی ہو گئے۔