کشمیری عوام بھارت کے ظلم وجبر کے آگے کبھی سرنگوں نہیں ہونگے، یاسمین راجہ

کشمیری نام نہادت انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کر کے بھارت کو ایک بار پھر اپنا فیصلہ سنا دیں، خاتون حریت رہنماء

منگل 4 اپریل 2017 18:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت رہنما اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے بھارتی فورسز کی طرف سے نام نہاد ضمنی انتخابات کی آڑ میں حریت پسند کشمیری عوام پر جای مظالم ، لوگوں کی شناختی پریڈ اور گھروںمیںچھاپہ مار کاروائیاں کرنے اور معصوم نوجوانوںکو گرفتار کرکے تھانوں اور جیلوں میں نظربند کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یاسیمین راجہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے وسیع پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اور پلوامہ ، شوپیان ، کولگام اور اسلام آباد اضلاع سے سینکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ کے صرف ایک علاقے آری ہل سے چالیس سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ سرینگر اور بڈگام اضلاع میں بھی درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام بھارت سے مکمل آزادی چاہتے ہیں اور وہ بھارت کے استعماری حربوں اور استبدادی کاروائیوں کا ثابت قدمی سے مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے ظلم وجبر کے آگے کبھی سرنگوں نہیں ہونگے اوروہ حق ِ خوداردیت حاصل کرکے رہیں گے۔یاسمین راجہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نام نہاد ضمنی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرکے بھارت کو ایک بار پھر اپنا فیصلہ سنادیں۔اُنہوں نے کہا کہ نام نہاد انتخابات کشمیریوں کے حق ِ خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے۔حریت رہنما نے کہا کشمیریوں نے بھارت سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور وہ حصول مقصد تک اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری ر کھیں گے اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :