مقبوضہ کشمیرکے کرکٹرزنے پاکستان ٹیم کی سبز یونیفارم پہن کر میچ کھیلا ،ْ پاکستان کا قومی ترانہ بھی احترام سے پڑھا گیا

مسئلہ کشمیر کو مختلف انداز میں اجاگر کرنا چاہتے تھے، ہم کسی سے خوفزدہ نہیں ،ْ کھلاڑیوں کی گفتگو

منگل 4 اپریل 2017 22:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیرکے کرکٹرزنے پاکستان ٹیم کی سبز یونیفارم پہن کر میچ کھیلا جب کہ میچ سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ بھی احترام سے پڑھا گیا۔انٹرنیٹ پر ایک وڈیو تیزی سے پھیل رہی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کے گندر بل ڈسٹرکٹ میں 2 ٹیمیں کرکٹ میچ کیلئے آمنے سامنے ہیں، ایک ٹیم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی یونیفارم پہن رکھی ہے جبکہ دوسری ٹیم نے سفید کٹ پہنی ہوئی ہے ،ْمیچ شروع ہونے سے قبل احتراماً پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ میچ ایسے موقع پر کھیلا گیا جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا۔ گندر بل کے مشہور صوفی بزرگ بابا دریا الدین کے نام سے منسوب ٹیم کے پلیئرز نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کو مختلف انداز میں اجاگر کرنا چاہتے تھے، ہم کسی سے خوفزدہ نہیں ہیں کیونکہ اللہ ہمارے ساتھ ہے، ہم نے کسی کو تکلیف نہیں پہنچائی، صرف ایک کرکٹ میچ کھیلا ہے جس میں ہم نے اپنے مادر وطن سے محبت کا اظہار کیا ۔ انٹرنیٹ پر موجود اس وڈیو کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔واضح رہے کہ رواں سال 2 کشمیری موسیقاروں نے روایتی سازوں کے ساتھ پاکستان کا قومی ترانہ گایا تھا جس کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :