آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ کی عدالت سے دوبارہ بحالی

وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی قانونی ماہرین اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے مشاورت سندھ حکومت نے کابینہ کے ذریعے نئے آئی جی کی تقرری کا فیصلہ کرلیا ،وزیراعلی جلد صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کرکے صوبے میں نئے آئی جی کی تقرری سے متعلق رسمی فیصلہ کریں گے

منگل 4 اپریل 2017 23:16

آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ کی عدالت سے دوبارہ بحالی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اپریل2017ء) سندھ حکومت نے آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ کی عدالت سے دوبارہ بحالی پر کابینہ کے ذریعے نئے آئی جی کی تقرری کا فیصلہ کرلیاہے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ ی بحالی کے عدالتی فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر سندھ کے قانونی ماہرین اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے مشاورت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ وزیراعلی سندھ جلد صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کرکے صوبے میں نئے آئی جی کی تقرری سے متعلق رسمی فیصلہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو اے ڈی خواجہ کی عدالت سے بحالی سے متعلق اطلاع کندھکوٹ میں دی گئی، اس کے بعد وزیراعلی نے حکومت سندھ کے قانونی ماہرین اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے اس معاملے پر مشاورت کی اور اس معاملے پر سندھ کابینہ کا اجلاس بلانے پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ حکومت سندھ کے قانونی ماہرین نے وزیراعلی کو مشورہ دیا ہے کہ 6 اپریل سے قبل سندھ کابینہ کا اجلاس بلا کر صوبہ میں نئے آئی جی پولیس کی تقرری سے متعلق رسمی فیصلہ کیا جائے کیونکہ عدالت کو اس بات سے آگاہ کرنا ضروری ہے کہ آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کو واپس کرنے اور نئے آئی جی کی تقرری کی سفارش کا فیصلہ صوبائی کابینہ کا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلی سندھ گڑھی خدابخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریبات سے فارغ ہوکر کراچی واپس آنے پر سندھ کابینہ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :