سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ انسانی صحت کیلئے اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے، ماہرین زراعت

بدھ 5 اپریل 2017 14:15

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2017ء) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ گھریلوپیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ نہ صرف انسانی صحت کیلئے اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ یہ انسان کے جسم اور دماغ کو توانا رکھنے میں بھی اہم کردار کا موجب ہوتا ہے کیونکہ گھر کے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں سپرے اور دیگر غلاظتوں سے پاک ہوتی ہیں لہٰذا عوا م کو چاہئے کہ وہ بازاری سبزیوں کی خرید سے بچنے اور اپنی صحت کو بہترین حالت میں رکھنے کیلئے کچن گارڈننگ کو فروغ دیں۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ اگر گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کیلئے جگہ دستیاب نہ ہو تو ضرورت کیلئے گملوں، کھلے ڈبوں، پلاسٹک یا لکڑی کی ٹرے میں بھی سبزیاں اگائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو پیمانے پر چھوٹے پلاٹوں میں ایسی سبزیاں کاشت کی جائیں جوکافی دیر تک پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پالک ، دھنیا، میتھی، گوبھی، ٹماٹر ، شلجم ، گاجر ، مولی جیسی سبزیاں تین سے پانچ مرلہ کے پلاٹ میں باآسانی کاشت کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سبزیوں کیلئے اگر نہری پانی دستیاب نہ ہو تو پینے کا گھریلو پانی بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبزیاں کاشت کرنے کے بعد انہیں پانی دینے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ پانی کھیلیوں سے اوپر نہ جائے ورنہ اس سے زمین سخت اور اگاؤ متاثر ہوسکتا ہے۔