زرعی ترقیاتی بنک کی کاشتکاروں کو سدا بہار سکیم سے بھر پور استفادہ کی ہدایت

بدھ 5 اپریل 2017 14:16

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2017ء) زرعی ترقیاتی بنک لمیٹڈ نے ملک میں غذائی خود کفالت، گندم ، کپاس ، چاول ، مکئی ، سبزیوں، پھلوںوغیرہ کی بہترین پیداوار کے حصول اور سرسبز زرعی انقلاب کے خواب کو عملی شکل دینے کیلئے کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں کو زرعی ترقیاتی بنک کی سدا بہار سکیم سے بھر پور استفادہ کی ہدایت کی ہے۔

زرعی ترقیاتی بینک فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایا کہ زرعی ترقیاتی بنک لمیٹڈ نے کاشتکاروں کو قرضوں کی آسان فراہمی کیلئے سدا بہار سکیم شروع کر رکھی ہے جس کا مقصد کاشتکاروں کو بار بار کاغذی کارروائیوں سے نجات اور قرضوں کی بروقت فراہمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سکیم کے تحت ایک بار کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تین سال کیلئے پانچ لاکھ روپے تک کا قرضہ فراہم کیاجاتا ہے اور قرضہ کی سالانہ حد سال بھر کی کاشت کرنے والی فصلات کے اخراجات کے علاوہ دوسرے چھوٹے چھوٹے اخراجات، بجلی کے بل، مشینری کی مرمت وغیرہ کیلئے قرضہ کی حد 10 فیصد تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سدا بہار سکیم کے تحت قرض دار جب چاہے جتنا چاہے قرضہ استعمال کرسکتا ہے اور اس کی واپسی بھی مقررہ مدت کے اندر جس وقت چاہے کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنک کے ایم سی او ربیع و حریف کی فصلات کے ون ونڈو آپریشن کے تحت قرضہ کی درخواست وصول کر کے کیس تیار کرتا ہے جبکہ مقامی بنک کے منیجر کو اس سکیم کے تحت پانچ لاکھ تک قرضہ منظور کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں زرعی ترقیاتی بنک کی کسی بھی قریبی برانچ سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :