جس جرأت وبہادری سے کشمیری قوم نے بھارتی وزریراعظم نریندرمودی کا دورہ کشمیر ناکام بنایا وہ واقعی قابل تحسین ہے ‘پوری دنیاکے انسانوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ کشمیری کسی غاصب قوت کو قبول نہیں کریں گے

تحریک آزادی جموں کشمیرکے چیئرمین عبدالعزیزعلوی کی بات چیت

بدھ 5 اپریل 2017 17:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 اپریل2017ء) تحریک آزادی جموں کشمیرکے چیئرمین عبدالعزیزعلوی نے کہاہے کہ جس جرأت وبہادری سے کشمیری قوم نے بھارتی وزریراعظم نریندرمودی کا دورہ کشمیر ناکام بنایا وہ واقعی قابل تحسین ہے اور پوری دنیاکے انسانوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ کشمیری کسی غاصب قوت کو قبول نہیں کریں گے ۔ بھارتی حکمرانوں اور فوجی سربراہان کے کشمیر کے دورے کسی کام نہیں آئیں گے۔

بھارتی فوج کے گرتے ہوئے مورال کو سہارا دیناممکن نہیں رہا۔بھارتی سیاستدان بھی کہنے پر مجبور ہیں کہ کشمیر ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی نے مودی سرکار کا غرور وتکبر خاک میں ملا دیا ہے۔ کشمیری عوام تحریک آزادی کو پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوںمیں بھارت سرکار اور اس کی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بنانے کیلئے بلا دریغ سرمایہ خرچ کیا جارہا ہے۔ بلوچستان سے گرفتار کئے گئے کلبھوشن جیسے ایجنٹوں کی گرفتاری سے پاکستان کے پاس ناقابل تردید ثبوت آگئے ہیں جسے انڈیا کسی صورت جھٹلا نہیں سکتا۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس مسئلہ کو اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے اور انڈیا کے گھنائونے کردار سے عالمی برادری کو آگاہ کیا جائے۔

انہوںنے کہاکہ کلمہ طیبہ پڑھنے والے سب ایک قوم ہیں، جن کے اندر علاقائیت اور وطنیت کے کوئی سلسلے نہیں ہیں۔اس کلمہ پر سب متحد ہوجائیں تو تمام اختلافات ختم ہو جائیں گے ۔دوقومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان بن چکا اب اس کو صحیح اسلامی پاکستان بنانا ہے۔اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے۔ نظریہ پاکستان صرف یہاں تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ عالمگیر ہے۔

انہوںنے کہاکہ ساری اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو اپنے لئے سب سے بڑا خطرہ سمجھتی ہیں۔ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ برہان وانی کی شہادت کے بعدسے سینکڑوں افراد شہید کر دیے گئے‘ہزاروںکشمیری زخمی ہوئے۔ پیلٹ گنوں سے زخمی ہونے والے سینکڑوں کشمیری اب تک اپنی بینائی کھوچکے ہیں۔ دس ہزار سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا گیا۔

کشمیری تاجروں کو اربوں روپے مالیت کا نقصان پہنچایا گیا۔ بھارتی فوج کی طرف سے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کا سلسلہ جاری اور چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے ۔لیکن اس کے باوجود کشمیری میدانوں میں ڈٹے ہوئے ہیں اور کسی صورت انڈیا کا غاصبانہ قبضہ قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔اکھنڈبھارت کا خواب اب کھنڈکھنڈ ہوکر رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :